Tuesday , August 22 2017
Home / جرائم و حادثات / مغویہ شیر خوار کو بچا لیا گیا

مغویہ شیر خوار کو بچا لیا گیا

لاولد بہن کیلئے لڑکا خریدنے میں ناکامی پر اغوا کا انکشاف

حیدرآباد۔ /19 نومبر (سیاست نیوز) گوپالا پورم پولیس نے 27 دن کے شیر خوار کے اغواء میں ملوث ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے مغویہ بچہ کو اغواء کنندگان کے چنگل سے بچالیا۔ پولیس کے بموجب 22 سالہ ٹی رما دیوی نے گوپالا پورم پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں یہ بتایا کہ سریش نامی نوجوان نے اس کے شیرخوار بچے ماسٹر ناگا چاری کا اغواء کرلیا ۔ گوپالا پورم پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اغواء کنندے کی تلاش شروع کردی تھی ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے اس کیس میں ملوث 25 سالہ محمد عارف ساکن حکیم پیٹ ٹولی چوکی کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مغویہ بچے کو رہا کروالیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد عارف کی بہن نسرین جس کی شادی 10 سال قبل جمیل سے ہوئی تھی لاولد ہے جس کے نتیجہ میں نسرین کے شوہر نے دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ عارف نے اپنی بہن کو لڑکا فراہم کرنے کی غرض سے سریش سے رابطہ قائم کیا اور بعد ازاں رمادیوی کے شیرخوار کو خریدنے کی پیشکش کی اور ناکامی کے سبب شیرخوار کا اغواء کرلیا گیا ۔ پولیس نے عارف کو گرفتار کرلیا جبکہ سریش ہنوز مطلوب ہے ۔

TOPPOPULARRECENT