Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / مفت تعلیم اسکیم پر عمل آوری کے لیے منصوبہ کی تیاری آئندہ سال سے عمل آوری ، ٹی آر ایس ایم پی کے کویتا

مفت تعلیم اسکیم پر عمل آوری کے لیے منصوبہ کی تیاری آئندہ سال سے عمل آوری ، ٹی آر ایس ایم پی کے کویتا

حیدرآباد۔ 6 ۔جنوری ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ آئندہ سال سے تلنگانہ میں کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسکیم پر عمل آوری کا ایکشن پلان تیار کر رہی ہے اور آئندہ مالیاتی سال سے عمل آوری کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کوئی بھی خاندان تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ، اسی مقصد سے یہ منفرد اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ کویتا نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ پہلی ریاست ہے جہاں کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی ترقی کیلئے کئی نئی اسکیمات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ خواتین کو مکانات کیلئے پٹہ جات کی فراہمی اور دیگر اسکیمات پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ ڈبل بیڈروم مکانات خواتین کے نام پر الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کو راشن کارڈ پر چاول کی مقدار میں اضافہ اور وظائف کی اجرائی سے عوام کافی خوش ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں حکمرانوں نے تلنگانہ کی ترقی اور عوامی بھلائی کی اسکیمات کو فراموش کردیا تھا ۔ کویتا نے کہا کہ سماج کی ترقی میں خواتین کا اہم رول ہے اور حکومت خواتین کو ہر سطح پر ترقی دینے کا عزم رکھتی ہے۔ مجالس مقامی انتخابات میں خواتین کیلئے 50 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا جو ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 60 برسوں میں کسی بھی چیف منسٹر نے اس قدر ترقیاتی اور فلاحی اقدامات نہیں کئے جتنے کہ کے سی آر نے 18 ماہ کی مدت میں کئے ہیں۔ حکومت ریاست کی ہمہ جہت ترقی کا عزم رکھتی ہے ۔ کویتا نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام پوری طرح ٹی آر ایس کے ساتھ ہے اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔ حکومت ہر گھر کو پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ گزشتہ دیڑھ سال میں ایک ہزار سے زائد نئی صنعتوں کے قیام کیلئے معاہدہ کیا گیا اور مزید نئی کمپنیاں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برقی کے بحران پر مکمل قابو پالیا گیا ہے اور آئندہ تین برسوں میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ شہر کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات کئے جاسکیں۔
شمس آباد کے محلوں میں
انڈر گراونڈ ڈرینج کا سنگ بنیاد
شمس آباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے محلوں ایرپورٹ کالونی اور رالہ گوڑہ میں گرام پنچایت فنڈ کے ذریعہ انڈر گراونڈ ڈرینج کا سنگ بنیاد شمس آباد سرپنچ راچاملا سدیشور نے رکھا ۔ شیام سندر ، محمد شمس الدین ، شرون گوڑ ، بھارتما ، شیاملماں ، نریش ، سریکانت ، سریدھر یادو ، دیپا مدیراج ، وینکٹیش ، ملاریڈی اور دیگر افراد موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT