Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / مقدس راتوں کو بازاروں میں ضائع نہ کرنے کی تلقین

مقدس راتوں کو بازاروں میں ضائع نہ کرنے کی تلقین

حیدرآباد۔10جون (سیاست نیوز) شہر میں آج ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقعہ پر بعد نماز جمعہ کے بعد بارش کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ مکہ مسجد میں مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نے نماز جمعہ کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ شہر کی مختلف مساجد میں جلسہ ہائے یوم القرآن منعقد کئے گئے علاوہ ازیں مساجد میں فضائل رمضان المبارک بیان کرتے ہوئے اس مہینہ کا احترام کرنے کی تلقین کی۔ ائمہ و خطیب حضرات نے نماز جمعہ سے قبل اپنے بیان کے دوران کہا کہ ماہ مبارک کے پہلا عشرہ رحمتوں والا ہے ۔ اس مہینے میں اللہ رب العزت نے ثواب میں اضافہ فرماتے ہوئے امت پر احسان کیا ہے ۔ علماء اکرام نے خطبہ جمعہ کے دوران مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ عبادتوں اور قیام اللیل کے ذریعہ رب کائنات کی خوشنودی حاصل کریں۔ جامع مسجد چوک میں مولانا حافظ محمد علیم الدین قریشی نے نماز جمعہ کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ جامع مسجد ٹین پوش میں مولانا عبید الرحمن اطہر نے صلواۃ الجمعہ سے قبل فضائل رمضان المبارک اور اس مہینہ کی اہم ساعتوں و عبادتوں کے متعلق تفصیلی خطاب کیا۔ شہر کے مختلف محلہ جات میں نماز جمعہ کے بعد کافی گہما گہمی دیکھی گئی۔ علماء اکرام نے نوجوانوں کو رمضان المبارک کی قیمتی ساعتوں با لخصوص اس ماہ مبارک کی راتوں کو بازاروں میں ضائع نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اس مہینہ کا احترام کریں اور اللہ کی رحمت سے خوب استفادہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT