Monday , August 21 2017
Home / عرب دنیا / مقید انسانی حقوق کے کارکن کی اہلیہ گرفتار

مقید انسانی حقوق کے کارکن کی اہلیہ گرفتار

ریاض۔ 13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام)  سعودی عرب کی جیل میں قید انسانی حقوق کے لئے مہم چلانے والے نمایاں کارکن ولید ابوالخیر کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ثمر بداوی کو مبینہ طور سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر اپنے خاوند کی رہائی کے لئے مہم چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس گرفتاری کو ’’سعودی عرب کی جانب سے (انسانی حقوق) کی سراسر توہین کی تازہ مثال قرار دیا ہے‘‘۔ ابو الخیر کو 2014 میں ’حکومت کے خلاف کام کرنے‘ کے الزام میں 15 سال قید کی سزا دی گئی تھی۔ انھوں نے سعودی عرب میں مانیٹر آف ہیومن رائیٹس نامی گروپ کا آغاز کیا تھا۔ ثمر بداوی معروف سعودی بلاگر رائف بداوی کی ہمشیرہ بھی ہیں جو 2014 ء سے مذہب کی توہین کرنے کے الزام میں اور ایک ہزار کوڑوں اور دس سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ رائف بداوی کی اہلیہ انصاف حیدر نے بھی ثمر بداوی کی گرفتاری پہ ٹویٹ کی ہے: ’’نہایت اہم: ثمر بداوی کو ولید ابوالخیر کے لئے ٹوئٹر اکاؤنٹ چلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے‘‘۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل امریکہ نے مقامی کارکنوں کی وساطت سے بتایا ہے کہ ثمر بداوی کو منگل کے روز سعودی عرب کے شہر جدہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انھیں ان کی دو سالہ بیٹی کے ہمراہ پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT