Friday , August 18 2017
Home / سیاسیات / ملائم سنگھ یادو نے کانگریس کی سازش کو محسوس کرلیا

ملائم سنگھ یادو نے کانگریس کی سازش کو محسوس کرلیا

بی جے پی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کا ریمارک
نئی دہلی۔/11اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کی ترقی کو روکنے کیلئے پارلیمنٹ کا بیجا استعمال کرنے پر کانگریس کو تنقید کا نشانہ ناتے ہوئے سازش کو سمجھنے اور ایوان میں تعطل ختم کرنے کیلئے پہل کرنے پر سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی ستائش کی۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ بعض لوگ ( کانگریسی قیادت کا بالواسطہ حوالہ ) ملک کی معاشی ترقی روکنے کی کوشش میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں عوام کو یہ واضح پیام گیا ہے کہ بعض لوگ جوکہ ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے پارلیمنٹ کا بیجا استعمال کررہے ہیں ان کا اصل مقصد معاشی ترقی میں اڑچن پیدا کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے ان لیڈروں بالخصوص ملائم سنگھ یادو اور ان جماعتوں جو کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ کی سازش کو محسوس کیا ہے پارلیمنٹ کی کارروائی کو بحال کرنے میں پیشرفت کی اظہار ستائش کیا ۔ واضح رہے کہ سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کل اپوزیشن کی صفوں سے باہر نکل آئے جوکہ للت مودی تنازعہ اور ویاپم اسکام پر پارلیمنٹ میں مسلسل احتجاج کررہی ہیں کہا کہ ’ ’ بس اب بہت ہوچکا ‘‘ اگر تم احتجاج جاری رکھوگے تو ہم ساتھ نہیں دیں گے۔ ملائم سنگھ یادو کے اچانک تیور بدلنے پر کانگریس حیرت زدہ ہوگئی جنہوں نے گزشتہ ہفتہ اسپیکر کی جانب سے کانگریس کے 25ارکان کی معطلی کے بعد پارٹی کے احتجاج کی حمایت کی تھی جس پر کانگریس نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایس پی سربراہ کو ’ خدائی خدمتگار‘ قرار دیا ہے جوکہ شاہ سے زیادہ شاہ پرست ہوتا ہے۔ ایک کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگر ملائم سنگھ یادو کوئی منصوبہ رکھتے ہیں تو انہیں کانگریس سے بات چیت کرنی چاہیئے تھی اور انہیں اس طرح کا طرز عمل اختیار نہیں کرنا چاہیئے تھا۔

TOPPOPULARRECENT