Saturday , April 29 2017
Home / شہر کی خبریں / ملازمین تنظیموں کے الزامات بے بنیاد : میر کمال الدین علی خاں

ملازمین تنظیموں کے الزامات بے بنیاد : میر کمال الدین علی خاں

حکومت کی ذمہ داری نبھانے کی بھر پور مساعی ، ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کا بیان
حیدرآباد۔24مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ ڈائریکٹر جناب میر کمال الدین علی خان نے مختلف ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے انہیں جو ذمہ داری تفویض کی ہے وہ اس ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کی ممکنہ کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش کی تشکیل کے بعد ملازمین کی تقسیم‘ اسسٹنٹ انجینئرس کے تقررات اور دیگر امور کی انجام دہی میں اختیار کردہ شفافیت سے مایوس عناصر اس طرح کا بے بنیاد پروپگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل اور محکمہ برقی میں ان کی خدمات کو ئی نئی نہیں ہے اسی لئے ان کے بیشتر اعلی عہدیداروں سے تعلقات ہیں اور وہ برقرار رہیں گے لیکن ان تعلقات کو بگاڑ کر پیش کیا جانا درست نہیں ہے۔ جناب میر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ وہ طویل عرصہ سے محکمہ برقی سے وابستہ ہیں اور ان کی یہ وابستگی وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد لوک عدالت کے ذریعہ برقرار رہی اور اب جبکہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی تو حکومت تلنگانہ نے انہیں ڈائریکٹر ایچ آر کی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مدت کے دوران انہوں نے ملازمین کی تقسیم اور نئے ملازمین کے تقررات کے علاوہ کنٹراکٹ ملازمین کی ہڑتال کو ختم کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے لیکن ان امور میں بعض لوگوں کو ان کی خواہش کے مطابق عہدے یا تقررات حاصل نہیں ہو پائے جس کے سبب انہیں ناراضگی ہوگی لیکن وہ چیف منسٹر کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے اس طرح کی حرکات کرنے والوں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کاروائی کے متعلق غور کر رہے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کبھی فرقہ واریت اور متعصب ذہنیت کو فروغ نہیں دے گی کیونکہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال بن کر ابھر رہے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT