Sunday , September 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ملاوٹی اشیاء اور دالو ں کا ذخیرہ ضبط

ملاوٹی اشیاء اور دالو ں کا ذخیرہ ضبط

کریم نگر میں پولیس کے دھاوے، کمشنر پولیس کملاسن ریڈی کا بیان
کریم نگر۔/26جولائی،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر کمشنریٹ کے حدود میں ٹاسک فورس پولیس کے روزانہ مسلسل دھاوے جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں آج کریم نگر، کاپوواڑہ ہاؤزنگ بورڈ کالونی چوراہے کے علاقہ میں ملاوٹی اشیاء دالیں وغیرہ کے ذخیرہ پر ٹاسک فورس نے دھاوا کیا اور تقریباً 5 لاکھ روپئے مالیتی ملاوٹی مختلف دالیں ضبط کرلی گئیں۔ پولیس کمشنر وی بی کملاسن ریڈی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کاپوواڑہ ہاؤزنگ کالونی چوراہے کے علاقہ میں نرملا ٹریڈرس کے نام سے ملاوٹی دالیں فروخت کررہے سنٹر پر ٹاسک فورس پولیس نے دھاوا کیا اور مالکین میں سے یڈی پروین کو حراست میں لے لیا۔ ملاوٹی مونگ اور چنے کی دال سے لدے 199 بیاگس کو ضبط کرلیا گیا جس کی بازاری قیمت قریب 5 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔ راجستھان ریاست کے جئے پور سے کوٹی اشوک ادیوگ نام پر چلائی جارہی کمپنی ادارہ سے پچھلے کچھ عرصہ سے یہ غیر مجاز کاروبار کئے جانے کی اطلاع ملنے پر پولیس کمشنر کملاسن ریڈی نے وہاں پہنچ کر ضبط شدہ دالوں کے تھیلوں کا معائنہ کیا اور ٹاسک فورس کی ستائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ غیر معیاری دالوں کو رنگ دے کر فروخت کرنے سے عوام کی صحت پر کس قدر مضر اثر ہورہا ہے اور عوام بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں اس کا کوئی خیال نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے خطرناک مرض کینسر لاحق ہوتا ہے۔ رنگ ملائی گئی مختلف غذائی اشیاء اور مختلف طریقہ سے تیار کئے گئے تیل کے ذریعہ تیار کی جارہی غذائی اشیاء کے کسی بھی صورت میں خریدے جانے سے گریز کیا جائے۔ ملاوٹی اور نقلی اشیاء کی فروخت کرنے والے بیوپاریوں کو کملاسن ریڈی نے انتباہ دیا کہ فوری یہ کاروبار بند کردیں بصورت دیگر سخت سزاؤ ں کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل اس طرح کے جرائم میں ملوث رہنے پر پی ڈی ایکٹ درج کیا جائے گا۔ نقلی ملاوٹی کسی بھی قسم کی اشیاء کی فروخت پر اطلاع ملنے پر فوری دھاوا کیا جائے گا ، انہوں نے اس سلسلہ میں عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ دالوں میں ملاوٹ کرنے والے بیوپاری پروین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملاوٹ شدہ دالوں کو جانچ کیلئے منتقل کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر فوڈ انسپکٹر امریتہ سری، ون ٹاؤن پولیس انسپکٹر تلا سرینواس راؤ، ٹاسک فورس ایس آئی کرن، سنتوش وغیرہ موجود تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT