Thursday , August 24 2017
Home / عرب دنیا / ملا اختر کی سربراہی میں طالبان شوریٰ کی ویڈیو جاری

ملا اختر کی سربراہی میں طالبان شوریٰ کی ویڈیو جاری

طالبان سے متحد رہنے کی اپیل ، دشمنوں کو خوش نہیں بلکہ مایوس کیجئے
کابل۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغان طالبان نے اپنی شوریٰ کے اجلاس کی ایک غیر معمولی ویڈیو جاری کی ہے جس میں تحریک طالبان کے سینکڑوں اراکین نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔پیر کو جاری ہونے والی ویڈیو میں شوریٰ کے اجلاس میں ملا اختر منصور کو طالبان کا نیا سربراہ تعینات کیا جا رہا ہے لیکن ویڈیو میں اْن کا چہرہ چھپایا گیا ہے۔افغان طالبان کی جانب سے یہ ویڈیو ایک ایسے موقعے پر جاری کی گئی ہے جب ملا عمر کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کی تعیناتی پر اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔گذشتہ ہفتے ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق کرنے کے بعد طالبان نے ملا اختر منصور کو باضابطہ طور پر تحریکِ طالبان کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل طالبان کے سینیئر رہنماؤں نے بتایا تھا کہ ملا اختر منصور کو طالبان شوریٰ کی مشاورت کے بغیر تحریک کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی ویڈیو ہے جس میں طالبان کی شوریٰ کا اجلاس ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے تاکہ مخالفین کو یہ یقین دلایا جا سکے کہ نئے سربراہ کو بڑی تعداد میں طالبان اراکین کی حمایت حاصل ہے۔یاد رہے کہ افغان طالبان نے ہمیشہ تصاویر اور ویڈیو کی مذہبی عقائد کی بنیاد پر مخالفت کی ہے اور طالبان کی جانب سے عموماً جنگی محاذ کی ویڈیو جاری کی جاتی ہیں لیکن کسی اجلاس کی یہ غالباً پہلی ویڈیو ہے۔اس سے قبل افغان طالبان تحریک کے نئے امیر ملا اختر منصور نے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں طالبان سے متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔طالبان کی جانب سے ملا اختر منصور کی تقرری کو تحریک کے بعض سنیئر رہنماؤں نے مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اْن کی تقرری شوریٰ کی مشاورت کے بغیر کی گئی، جبکہ ملا اختر منصور نے اپنے 30 منٹ کے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ جنگجوؤں کو متحد رہنا چاہیے کیونکہ ’ہمارے درمیان تفریق صرف دشمنوں کو ہی خوش کر سکتی ہے۔‘

TOPPOPULARRECENT