ملت فنڈ کے ذریعہ مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست ‘کو پولیس اسٹیشن چارمینار کے دو مراسلے مسلم نعشوں کی تدفین کی غرض سے وصول ہوئے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 13 درخواستیں تدفین کی غرض سے وصول ہوئیں۔ اس طرح جملہ 15 مسلم نعشوںکو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے زیر نگرانی سید عبدالمنان، محمد عبدالجلیل، محمد جعفر اور سمیع اللہ خان قبرستان تھرتھرے شاہ سکندرآباد میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب مسجد محمدیہ، کشن باغ نے پڑھائی۔ اس موقع پر مصری گنج کی رہنے والی خاتون فہیم سلطانہ نے کہا کہ ہمارے معاشرہ میں یہ خرابی ہے کہ ایک دوسرے کے عیب نکالتے ہیں جبکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا غسال جب میت کو غسل دیتا ہے اور اس کو میت میں کوئی عیب نظر آئے اور وہ اس کو چھپادے تو اللہ پاک غسال کے 40کبیرہ گناہ معاف فرمادیتے ہیں۔ بشریٰ تبسم نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔ محمد عبدالقادر، محمد عبدالقدیر نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعاء کی کہ اللہ پاک ان کو دنیا اور آخرت دونوں میں نعم البدل عطا فرمائے ۔ آمین ۔