Tuesday , October 24 2017
Home / Top Stories / ملت کیلئے ’سیاست‘ کی تعلیمی اور معاشی خدمات قابل رشک

ملت کیلئے ’سیاست‘ کی تعلیمی اور معاشی خدمات قابل رشک

سعودی عرب کے این آر آئیز کی جناب زاہد علی خاں سے ملاقات، این آر آئیز کنونشن کے انعقاد کی تجویز
حیدرآباد۔/12جولائی، ( سیاست نیوز) سعودی عرب میں مقیم حیدرآبادی این آر آئیز کے ایک وفد نے آج ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں اقلیتوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر تنظیم ہم ہندوستانی جناب محمد قیصر، جناب مرزا عظمت اللہ بیگ جوائنٹ سکریٹری تنظیم، جناب محمد جمیل ( جدہ )، جناب سلیم فاروقی ( ریاض )، جناب محمد نعیم الدین پر مشتمل وفد نے مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ کی خدمات  کی ستائش کی۔ انہوں نے مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں موثر نمائندگی کیلئے 12فیصد تحفظات پر عمل آوری کی مساعی کو قابل قدر قرار دیا اور کہا کہ خلیج میں مقیم حیدرآبادی این آر آئیز بھی ’سیاست‘ کی اس مہم کی مکمل تائید میں ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تابناک کیا جاسکے۔انہوں نے تحریک کے روح رواں جناب عامر علی خاں کی انتھک مساعی کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وفد نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انتخابات سے قبل 12فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا اور حکومت کے دو سال کی تکمیل کے باوجود اس سمت میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ چیف منسٹر کو اپنے وعدہ پر عمل آوری کے ذریعہ عوامی اعتماد کو بحال کرنا چاہیئے۔ این آر آئیز نے کہا کہ ’سیاست‘ مسلمانوں کے حق میں جو بھی تحریک کا آغاز کرتا ہے سعودی عرب میں مقیم حیدرآبادی این آر آئیز اس کی تائید کرتے ہیں حتیٰ کہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے این آر آئیز بھی ان سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ محمد قیصر نے شادیوں کے موقع پر اسراف کے خاتمہ اور لڑکی والوں پر بوجھ کم کرنے کیلئے صرف ایک کھانے سے تواضع کے بارے میں شعور بیداری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے جناب زاہد علی خاں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس تحریک کے ذریعہ کئی غریب اور متوسط خاندانوں پر مالی بوجھ کو کم کردیا ہے اور اہل ثروت افراد بھی اسراف سے بچ رہے ہیں۔ این آر آئیز نے ’سیاست‘ کے مختلف پروگراموں جیسے دو بہ دو میں رشتوں کو طئے کرنے کا موقع فراہم کرنے کو ملت کی اہم خدمت سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں لڑکیاں جہیز اور دیگر مطالبات کے سبب بن بیاہی بیٹھی ہیں لہذا سیاست نے دو بہ دو پروگرام کے ذریعہ موزوں رشتوں کی تلاش میں آسانی پیدا کردی ہے۔ انہوں نے سیاست ملت فنڈ کے ذریعہ غریبوں کی امداد اور فنی کورسیس میں ٹریننگ کی بھی ستائش کی۔ این آر آئیز نے کہا کہ سیاست نہ صرف ایک اخبار بلکہ ملت کی خدمت کا ذریعہ بن چکا ہے اور ہزاروں خاندان استفادہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کیلئے این آر آئیز کنونشن کی تجویز پیش کی گئی۔ پہلے یہ کنونشن سعودی عرب میں ہوگا بعد میں حیدرآباد میں حکومت کے اشتراک سے منعقد کیا جائے گا۔ این آر آئیز نے جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دی تاکہ ملت کے مسائل پر این آر آئیز کی رہنمائی کی جاسکے۔ وفد نے تلنگانہ حکومت اور خاص طور پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ ریاض سے حیدرآباد کو ایر انڈیا کی راست فلائیٹ کے آغاز کیلئے مرکز سے نمائندگی کریں۔ ریاض میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے این آر آئیز کی کثیر تعداد ہے لیکن ایر انڈیا کی راست فلائیٹ نہ ہونے کے سبب این آر آئیز کو کنکٹنگ فلائیٹ کے ذریعہ حیدرآباد آنا پڑتا ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے سعودی عرب میں مقیم این آر آئیز کے ملی خدمت کے جذبہ کی ستائش کی اور تنظیم ہم ہندوستانی کی جانب سے مختلف شعبوں میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے تنظیم کے اشتراک سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کا تیقن دیا۔ تنظیم ہم ہندوستانی کی جانب سے نہ صرف سماجی سلگتے مسائل پر رہنمائی سے متعلق پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں بلکہ ایجنٹس کی دھوکہ دہی کے شکار ہندوستانیوں کی وطن واپسی میں مدد کی جاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT