Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ملت کے خوشحال مستقبل کیلئے مسلم نوجوان جوش و خروش کے ساتھ متحرک

ملت کے خوشحال مستقبل کیلئے مسلم نوجوان جوش و خروش کے ساتھ متحرک

کورٹلہ میں 12 فیصد تحفظات کیلئے بھوک ہڑتال جاری ، طلبہ اور غیر مسلم قائدین کی بھی شرکت، حکومت کو وعدوں کی یاددہانی

کورٹلہ 3  /ا  گسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ہ کل ’جماعتی مسلم تحفظات ایکشن کمیٹی کورٹلہ کے زیر اہتمام 12%فیصد تحفظات کیلئے  جاری بھوک ہڑتال آج ساتویں دن میں داخل ہوچکی ہے آج کی بھوک ہڑتال کیمپ کا آغاز جناب احمد عبدالنعیم ریاستی نائب صدر مومنٹ فر پیس جسٹس نے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹی آریس حکومت نے الیکشن کے موقع پر مسلمانوں کو  12%فیصد تحفظات دینے کا جو وعدہ کیا تھا دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تحفظات فراہم نہیں کئے گئے جس سے مسلم طلبا ء و نوجوانوں کا نقصان ہورہا ہے آزادی کے بعد سے لیکر آج تک مسلمانوں نے جن پارٹیوں کو اقتدار میں لایا ہے اُن پارٹیوں کی جانب سے مسلمانوں کا معاشی استحصال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں جو سدھیر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس کمیٹی سے مسلمانوں کو کچھ فائدہ حاصل نہیں ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے معاشی و سماجی حالات سچر کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ایس سی ‘ایس ٹی طبقات سے بھی زیادہ کمزور ہے ۔

ریاستی حکومت تلنگانہ کو سنہری تلنگانہ میں تبدیل کرنے کا جو عزم رکھتی ہے مسلمانوں کی ترقی کے بغیر تلنگانہ کی ترقی ادھوری ہے ۔انہوں نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست قیام کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم میں دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ مسلمانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انہو ں نے تمام مسلم قائدین سے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے  12%فیصد تحفظات تحریک کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔محمد رفیع الدین نائب صدر نشین مجلس بلدیہ کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کورٹلہ میں کل ’جماعتی مسلم ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ بھوک ہڑتال میں نوجوانوں کے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر انہوں نے کمیٹی کے ذمہ داروں کو مبارکباد دی ۔انہوں نے اس تحریک کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں اپنی جانب سے ہر ممکنہ تعاون پیش کرنے کا تیقن دیا۔انہوں نے ریاستی چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزیر کے ٹی آر سے مسلمانوں کو  12%فیصد تحفظات فراہم کرنے کی اپیل کی ۔شدید بارش کے ہونے کے باوجود طلباء و نوجوانوں نے احمد عبدالنعیم کی قیادت میں بھوک ہڑتال میں شرکت کی ۔

بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والوں میں احمد عبدالنعیم ‘سلیم فاروقی ‘محمد سجو ‘محمد اعجاز ‘شجاع الدین ‘فصیح الدین ‘ظہیرالدین ‘رشید ‘مسعود ‘یوصف اور روف شامل تھے۔بھوک ہڑتال کیمپ کو پہنچ کر اظہار ریگانت کرنے والوں میں الیاس احمد خان امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ ‘محمد نجیب الدین ٹی آریس قائد ‘محمد عبدالمقیم ‘محمد نعیم الدین ناظم ضلع جماعت اسلامی ‘محمد انور صدیقی ‘واسق الرحمن اور دیگر شامل تھے۔مسلم تحفظات کمیٹی کورٹلہ کے زیراہتمام زنجیری بھوک ہڑتال کے تیسرے چوتھے دن نوجوانوں کے ساتھ اردو میڈیم کریسینٹ ہائی اسکول ، نونہال ہائی اسکول اردو میڈیم کے طلباء نے بھوک ہڑتال میں حصہ لیا ۔ ناظم جماعت اسلامی ضلع کریم نگر جناب محمد نعیم الدین ، جناب محمد مظہر الدین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کورٹلہ ، جناب الیاس احمد خاں امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ نے اپنی تقریر میں آزادی سے لیکر آج تک مسلمانوں نے جن جن پارٹیوں کو اقتدار میں لایا ہے انہوں نے مسلمانوں کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ جبکہ مسلمانوں کے ووٹوں سے اقتدار میں آنے والی پارٹیاں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہیں ۔ ٹی آر ایس پارٹی کی تحفظات کے بارے میں ٹال مٹول پالیسی کے سبب مسلمانوں کا کافی نقصان ہورہا ہے ۔ جناب محمد نجیب الدین صدر مسلم امپاورمنٹ فورم و قائد ٹی آر ایس جناب احمد عبدالقیوم نے اپنی تقریر میں امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے مسلمانوں سے انصاف کریں گے ۔

جناب محمد مظفر احمد سجو کو کو۔کنوینر مسلم تحفظات کمیٹی کورٹلہ نے کہا کہ کے سی آر مسلمانوں کی فلاح کے سلسلے میں کئی اقدامات کررہے ہیں ۔ اگر چیف منسٹر اپنے وعدہ کے مطابق مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہیں توان کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔ جناب فیروز خان قوی سکریٹری و ریاستی انچارج این ایس جی نے اپنی پدیاترا کے دوران کورٹلہ سے گزرتے ہوئے زنجیری بھوک ہڑتال کیمپ پہونچکر بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والے افراد سے اظہار یگانگت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں آئی ہے  ملک سنگین بحران سے گزررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے کئی ریاستوں میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔ ایسے سنگین حالات میں مسلمان اپنے صف میں اتحاد پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں اور اب مسلمان یہاں تلنگانہ میں اقلیت میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سنا ہے کہ جناب کے سی آر جنہوں نے انتخابات کے موقع پر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا ۔ چنانچہ چیف منسٹر کو چاہئیے کہ وہ اپنے وعدہ کو عملی جامہ پہنائیں ۔ سی ایچ بھونیشور سی پی ایم ایل نیو ڈیموکریسی قائد نے اپنی تقریر میں کہا کہ مسلمانوں کی حالت کافی پسماندہ ہے ۔ مسلمان چھوٹے چھوٹے کاروبار کرتے ہوئے اپنا گزر بسر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات مسلمانوں کا حق ہے جو انہیںہر حال میں ملکر رہنا چاہئیے ۔ انہوں نے حکومت سے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے اپنے انتخابی وعدہ کو پورا کرنے کی اپیل کی ۔ تروپتی نائک ڈسٹرکٹ سکریٹری اسٹوڈنس فیڈریشن کریم نگر نے اپنی تقریر میں کہا کہ 12% فیصد تحفظات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلمان جو حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں ۔ وہ حکومت سے اپنا حق مانگ رہے ہیں ۔ بھیک نہیں ، انہوں نے مسلمانان کو 12% فیصد تحفظات کیلئے اپنی جانب سے ہرممکنہ کوشش کرنے کا مسلمانوں کو تیقن دیا ۔ جناب جاوید سابق وارڈ کونسلر نے اپنی تقریر میں کہا کہ انتخابات کے موقع پر ٹی آر ایس پارٹی کے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ حکومت کو یاددہانی کروانے کے لئے مسلمانان کورٹلہ کی جانب سے زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔ جناب پالموری وینکٹ NSUI تلنگانہ ریاستی صدر نے اپنی تقریر میں کہا کہ NSUI کی جانب سے مسلم تحفظات کی فراہمی کے سلسلے میں کئی مرتبہ حکومت کی توجہ مبذول کروائی گئی ۔ جناب محمد عبدالسلیم فاروقی کنوینر مسلم تحفظات کمیٹی کورٹلہ نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا کہ مسلم تحفظات کی فراہمی کے سلسلے میں مسلمانوں کی جانب سے تلنگانہ کے مختلف مقامات پر دھرنا ، راستہ روکو ، بھوک ہڑتال منعقد کئے جارہے ہیں ۔ ان احتجاجی پروگراموں سے مسلم نوجوان جڑ رہے ہیں ۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ جن افراد نے مسلمانوں کے ووٹوں سے عہدے حاصل کئے ہیں ، وہ مسلم قائدین ان پروگراموں میں حصہ لینے سے ہچکچارہے ہیں کیونکہ انہیں ڈر ہے کہ کہیں سیاسی آقا ان سے ناراض نہ ہوجائیں ۔ انہوں نے مسلمانوں سے متحدہ طور پر 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے آگے آنے اور اس تحریک کو مستحکم کرنے کی اپیل کی ۔ اس بھوک ہڑتال میں جناب محمد اسرار صدر عیدگاہ کمیٹی جناب عبدالرشید جناب سراج الدین ، عبدالرزاق ، ایس کے جنید ، کریسنٹ ہائی اسکول ، نونہال ہائی اسکول کے طلباء نے حصہ لیا ۔ اس بھوک ہڑتال کیمپ پہونچ کر جناب مولوی عبدالوحید ، جناب عبدالرحمن فروٹ مرچنٹ ، جناب چاند پاشاہ کوآپشن ممبر نے بھوک ہڑتال کیمپ پہونچکر اظہار یگانگت کیا ۔ اس تقریب میں جناب محمد مظفر احمد سجو ،جناب محمد اعجازاحمد ، صدر نعیم نکر ، جناب مسعود علی صدیقی ، جناب محمد فصیح الدین ، جناب نجیب الرحمن ، جناب محمد عبدالمصور ، جناب محمد ظہیر الدین کو۔کنوینر مسلم تحفظات کمیٹی کورٹلہ نے شرکت کی ۔

TOPPOPULARRECENT