Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ملر نے جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کیخلاف فتح سے ہمکنار کیا

ملر نے جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کیخلاف فتح سے ہمکنار کیا

4 چھکوں کے ساتھ 27 گیندوں میں 40 رنز نے ہار کو جیت میں بدل دیا
ڈربن۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو آج یہاں کنگس میڈ میں کھیلے گئے ٹورنمنٹ کے پہلے ٹی۔ 20 میچ میں 3 وکٹس سے شکست دی۔ ڈیوڈ ملر نے سحر انگیز انداز میں نصف سنچری بناتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ وہ 35 گیندوں میں 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملر نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے طاقتور شاٹس لگائے۔ 16 واں اوور جنوبی افریقہ کیلئے کلیدی ثابت ہوا جب کامیابی کیلئے 30 گیند میں 45 رنز درکار تھے کہ ملر نے دو شاندار چھکے لگایا اور بے بس اینڈریو ٹائی نے 16 رنز دے دیا۔ ملر نے 18 واں اوور میں جان پیٹنگس کی گیند پر ایک اور شاندار چھکہ لگایا۔ اس طرح ہر ایک گیند کھیلنے کے بعد درکار رنز بنتے گئے اور کامیابی کا ہدف قریب سے قریب تر ہوگیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر تیز رفتار کھیل کا آغاز کیا تھا اور صرف 6 اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان سے 69 رنز کے طاقتور اسکور پر پہونچ چکا تھا۔ آرون فیچ نے صرف 27 گیندوں میں 40 رنز بناکر اپنی ٹیم کا موقف کافی مستحکم کردیا تھا۔ فنچ نے 4 چھکے لگائے اور جے پی ڈومنی کی پہلی 3 گیندوں پر لگاتار 3 چھکے لگاتے ہوئے سب کو دَم بخود کردیا تھا، لیکن میڈیم پیسر ڈیو ویسے (2/16) اور عمران طاہر (3/21) کے آگے مہمان بیٹسمین بے بس ہوگئے اور بالآخر 7 وکٹس کے نقصان سے 114 رنز کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کی ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ مچل مارش نے قدرے تاخیر سے سہی 25 گیندوں میں 35 رنز بناکر آسٹریلیا کو استحکام بخشا۔ جنوبی افریقہ اپنی اننگز کی اچھی شروعات نہیں کرسکی۔ اے بی ڈی ویلیرس پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح ایک مرحلے پر جنوبی آفریقہ 3 وکٹس کے نقصان سے 41 رنز پر پہونچی تھی۔ بعدازاں کپتان فاف ڈو (40)، اور ریلی روسو (19) نے چوتھی وکٹ کی ساجھیداری میں 31 رنز بنایا، تاہم لگاتار 2 گیندوں پر ایک کے بعد دیگر یہ دونوں آؤٹ ہوگئے اور ’’مین آف دی میچ‘‘ ملر نے اپنی ٹیم کو جتانے کی ذمہ داری سنبھال لیا۔ آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے بھی ملر کے کھیل کی خوب ستائش کی۔ ڈو پلیسیس نے کہا کہ ’’ہم نے پھر ایک مرتبہ ایسا کھیل جیت لیا جو غالباً جیتا نہیں جاسکتا تھا۔‘‘

TOPPOPULARRECENT