Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / ملکہ ایلزبتھ کی 90 ویں سالگرہ ۔ سارے برطانیہ میں جشن

ملکہ ایلزبتھ کی 90 ویں سالگرہ ۔ سارے برطانیہ میں جشن

لندن 21 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ میں آج ملکہ ایلزبتھ کی 90 ویں سالگرہ منائی گئی ۔ اس موقع پر انہیں توپوں کی سلامی دی گئی ‘ موسیقی بیانڈس نے دھنیں بجائیں اور سارے ملک میں گرجا گھروں میں اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی برطانیہ کی معمر ترین اور طویل عرصہ تک تاج رکھنے والی ملکہ کو خراج پیش کیا ۔ انہوں نے ملکہ ایلزبتھ کو برطانیہ اور دولت مشترکہ کیلئے طاقت کا منبع قرار دیا ۔ سالگرہ کے موقع پر ملکہ برطانیہ ونڈسر کیسل میں اپنے کسی ایک محل میں تھیں جہاں ان کے شوہر پرنس فلپ نے ایک کھلی شاہی گاڑی میں سارے ٹاون کا چکر لگایا اور وہاں جمع ہوئے ہزاروں افراد کے خیر مقدم کا ہاتھ لہرا کر جواب دیا ۔ ملکہ برطانیہ نے تین پرتی سالگرہ کیک کاٹا جو بنگلہ دیشی نژاد برطانوی چیف نادیہ حسین نے تیار کیا ہے ۔ نادیہ حسین نے گریٹ برٹش بیک آف شو میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ نازیہ حسین نے خاص طور پر ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ کیلئے یہ کیک تیار کیا ہے ۔ بکنگھم پیلس نے ملکہ کی سالگرہ کے موقع پرا یک پیام جاری کرتے ہوئے مبارکباد دینے والوں سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ ملکہ ایک سبز رنگ کے لباس میں ملبوس تھیں اور کہا کہ آج کا دن بہت پیارا ہے ۔ انہوں نے ونڈسر کیسل کے دامن میں کوئینس والک وے کی پلیٹ لگائی ۔ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے قوم کی قیادت کرتے ہوئے ملکہ کو خراج پیش کیا ۔ اس موقع پر پرنس چارلس نے جو تاج برطانیہ کے ولیعہد ہیں اپنی والدہ کیلئے خاص پیام ریکارڈ کروایا ۔ ملکہ کی سالگرہ کے موقع پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ کئی مقامات پر بیانڈس نے دھنیں بجائیں اور چرچس میں اجتماعات بھی منعقد کئے گئے ۔ دولت مشترکہ میں ملکہ کی سالگرہ کے موقع پر مختلف ممالک میں روشنیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT