Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک اور ریاست آندھراپردیش کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعاؤں کی اپیل

ملک اور ریاست آندھراپردیش کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعاؤں کی اپیل

آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی، وزیراقلیتی بہبود ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی ودیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/5ستمبر، ( سیاست نیوز) حج 2015کیلئے آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ حج کیمپ نامپلی سے آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کا آج سے آغاز ہوا اور ایک دن میں 3 قافلے ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ جدہ روانہ ہوئے۔ 2ستمبر کو قافلوں کی روانگی کے آغاز کے بعد سے آج رات تک جملہ 11قافلے روانہ ہوچکے ہیں جن میں 3740 عازمین حج بخیر و عافیت مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ اس طرح حج کیمپ اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ آندھرا پردیش کے عازمین کے پہلے قافلہ کو رات تقریباً 2بجے تلگودیشم کے رکن قانون ساز کونسل احمد شریف اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے وداع کیا۔ دوسرا قافلہ صبح 5بجے حج ہاوز سے روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر آندھرا پردیش کے وزیر اقلیتی بہبود ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش شیخ محمد اقبال، رکن قانون ساز کونسل احمد شریف اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور اپیل کی کہ ملک اور آندھرا پردیش ریاست کی ترقی، امن و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت اقلیتوں کی بھلائی کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔ ریاست میں غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد کیلئے ’ دلہن ‘ اسکیم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت فی خاندان 50ہزار روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ رگھوناتھ ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے وجئے واڑہ میں 4ایکراراضی پر تمام عصری اور بنیادی سہولتوں کے ساتھ حج ہاوز تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عازمین کی وجئے واڑہ سے روانگی کے مرحلہ تک حج ہاوز کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے خدمات کی فراہمی پر اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی نے کئی دشواریوں کے باوجود بہتر انتظامات کئے ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل احمد شریف نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ایام حج کے دوران صبر وتحمل سے کام لیں اور خود کو زیادہ سے زیادہ عبادتوں میں مصروف رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کو چاہیئے کہ وہ زیادہ تر وقت حرمین شریفین میں گذاریں اور دنیاوی اُمور سے دور رہیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت وجئے واڑہ میں حج ہاوز کی تعمیر کے منصوبہ کو جلد ہی قطعیت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز میں رہائش کی کم سہولت کے باوجود حج کمیٹی نے حتی المقدور بہتر انتظامات کی کوشش کی ہے جس کے لئے حج کمیٹی کے حکام قابل مبارکباد ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا عمل اتوار کو مکمل ہوجائے گا۔آج رات تک 11فلائیٹس کی روانگی کے بعد صرف 5 فلائیٹس باقی رہ گئی ہیں۔6 ستمبر کو تین فلائیٹس روانہ ہوں گی جبکہ 7اور 8ستمبر کو ایک، ایک فلائیٹ سعودی عرب کیلئے پرواز کرے گی۔ کرناٹک کے 5اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین اور ویٹنگ لسٹ میں منتخب تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین آخری دو دن کی پروازوں میں شامل رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT