Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک اور غریب عوام کی ترقی و بہبود کیلئے راجیو گاندھی کی خدمات کو خراج

ملک اور غریب عوام کی ترقی و بہبود کیلئے راجیو گاندھی کی خدمات کو خراج

گاندھی بھون برسی تقریب، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی و دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 21 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے آنجہانی راجیو گاندھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی چیف منسٹر کے سی آر کے گیدڑ بھپکیوں سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے۔ اگر ہمت و حوصلہ ہے تو چیف منسٹر گرفتار کرکے دکھائے۔ ہم جیل جانے تیار ہے۔ آج گاندھی بھون کے پرکاشم ہال میں قومی سالمیت کمیٹی کی جانب سے راجیو گاندھی کی 25 ویں برسی پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس تقریب کی صدر کمیٹی و جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ایس کے افضل الدین نے دیگر مہمان خصوصی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر، کانگریس کے ارکان راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خان، مسٹر کے وی پی رامچندر راؤ، مسٹر وی ہنمنت راؤ، کانگریس کی رکن اسمبلی ڈاکٹر جے گیتاریڈی، جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید عظمت اللہ حسینی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے آنجہانی راجیو گاندھی کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک اور غریب عوام کی ترقی و بہبود کیلئے بے لوث خدمات انجام دی اور ملک کے نوجوان وزیراعظم کی حیثیت سے انہوں نے جو خدمات انجام دی ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ ملک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زون میں تبدیل کردیا۔ پنچایت راج اداروں اور مقامی اداروں کو فنڈز خرچ کرنے کے معاملے میں مکمل اختیارات دیئے۔ خواتین کو مقامی اداروں میں تحفظات فراہم کیا۔ 18 سال عمر مکمل کرنے والے نوجوانوں کو حق رائے دہی کا موقع فراہم کیا اور آخر میں ملک کیلئے اپنی جان بھی دی ہے۔ انہیں بوفورس معاملے میں جھوٹے بے بنیاد الزامات میں پھنسایا گیا۔ عدلیہ نے انہیں بے قصور قرار دیا۔ مودی حکومت پھر ایک بار نہرو گاندھی خاندان کو بدنام کرنے کیلئے انہیں ہیلی کاپٹر معاملے میں پھنسانے اور ان کے امیج کو داغدار بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی جانب سے اپوزیشن کو دھمکانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے۔ ڈرانے دھمکانے سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ چیف منسٹر کو ہمت ہے تو ہمیں گرفتار کریں ہم جیل جانے بھی تیار ہے۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجیو جی جیسے قائد صدیوں میں ایک پیدا ہوتے ہیں جن کا نصب العین ملک کی ترقی، خدمات اور غریب عوام کی فلاح و بہبود ہوتا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر آر ایس ایس کے اشاروں پر کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ تعلیم کو زعفرانی رنگ دیا جارہا ہے۔ منظم سازش کے تحت مجاہدین آزادی پر ملک سے غداری کرنے اور جنگ آزادی میں انگریزوں کی مخبری کرنے والوں کو اہمیت دی جارہی ہے۔ ملک کیلئے جان نثار کرنے والے نہرو گاندھی کے ارکان خاندان کے خلاف جھوٹ من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں رسواء کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پانے کے بعد ملک میں فرقہ پرستی کا بول بالا ہے۔ سیکولرازم کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ اظہارخیال پر بھی پابندی عائد کی جارہی ہے۔ مسٹر ایس کے افضل الدین نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیکولرازم آزمائش کے دور سے گذر رہا ہے۔ ملک کی آزادی اور آزاد ملک کی ترقی کیلئے جانی مالی نقصان برداشت کرنے والے نہرو گاندھی خاندان کے ارکان کے خلاف الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔
آنجہانی راجیو گاندھی نے ہندوستان کی ترقی اور ملک کے دوسرے ممالک سے رشتوں کو استوار کرنے میں غیرمعمولی رول ادا کیا ہے۔ ملک میں اتحاد کیلئے تحریک چلانے والے راجیو گاندھی کو دہشت گردوں نے ہلاک کردیا ہے۔ قومی سالمیت کمیٹی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ایم اے انصاری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر کانگریس کے قائدین مسٹر خواجہ غیاث الدین، مسٹر محمد امجد، مسٹر محمد امتیاز کے علاوہ مختلف اسکولس و کالجس کے طلبہ کی بھاری تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT