Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / ملک بھر میں صنف نازک کے تحفظ کیلئے خصوصی ویب سائیٹ

ملک بھر میں صنف نازک کے تحفظ کیلئے خصوصی ویب سائیٹ

نئی دہلی،14اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) والدین ، ملازمین اور متعلقہ افراد بہت جلد ملک بھر میں خواتین کے خلاف جرائم مرتکبین اور جنسی حملہ آوروں کے بارے میں ویب سائٹ پر اطلاعات دستیاب ہوجائیں گی۔ ان میں کیسوں کی تفصیلات بھی ہوں گی جو کہ ملزمین کے خلاف عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ وزارت داخلہ کا منصوبہ ہے کہ خواتین کے ساتھ دست درازی اور مظالم کے ملزمین کے نام اور چارج شیٹ ( فرد جرم) کی تفصیلات آن لائن فراہم کی جائیں گی۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے یوم آزادی کے موقع پر ایک خصوصی مضمون میں بتایا کہ خواتین کے خلاف جرائم کیسوں میں ماخوذ ملزمین کے چارج شیٹ کی فہرست ظاہر کرنے کیلئے کرائمس اینڈ کریمنلس ٹریکنگ اینڈ اسسمٹس پراجکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے ذریعہ انتہائی مطلوب اور خطرناک مجرمین اور انسانوں کی اسمگلنگ اور گمشدہ افراد کی تفصیلات اور قانونی امداد تک رسائی کو آن لائن پیش کردیا جائے گا تاکہ ہندوستان کو محفوظ اور محافظ ملک بنایا جاسکے۔ حکومت کے یہ اقدامات امریکہ کے خطوط پر ہیں

جہاں پر اسی طرح کی ویب سائٹ نیشنل سکسیس افینڈر ، پبلک ویب سائٹ شروع کی گئی ہے اور جس کے ذریعہ متاثرہ افراد اور جنسی مجرمین کی شناخت، رہائشی پتہ کو پیش کرسکتے ہیں۔ امریکی ویب سائٹ پر یہ بھی رہنمائی کی جاتی ہے کہ نہ صرف اجنبیوں بلکہ اپنے جان پہچان والوں کی جنسی ہراسانی اور دست درازی سے کس طرح محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ وزارت داخلہ کا یہ پورٹل بہت جلد شہریوں کو مفید اور کارآمد اطلاعات فراہم کرے گاجس میں دیگر نوعیت کی خدمات، جرائم کے واقعات، پاسپورٹ کی جانچ پڑتال اور متاثرین میں قانونی امداد اور معاوضہ فنڈ کی اطلاعات شامل رہیں گی چونکہ ملک بھر میں خواتین کی حفاظت ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے اور نئی دہلی میں جاریہ سال ماہ جنوری میں پولیس نے ایک سرویس ’’ ہمت ‘‘ شروع کی ہے جس پر مصیبت میں گھری خواتین اپنے موبائیل فون سے سگنل دینے پر 5 تا 7 منٹ میں پولیس مقام پر پہنچ جاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT