Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / ملک میں عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز مودی نے اب تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا : راہول گاندھی

ملک میں عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز مودی نے اب تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا : راہول گاندھی

بنگلور۔ 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر کالا دھن واپس لانے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور قیمتوں پر قابو پانے کے وعدے پورا کرنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔ انہوں نے جی ایس ٹی پر تعطل برقرار رہنے کا اشارہ دیا ہے اور کہا کہ تاریخی ٹیکس اصلاحات پر حکومت اب تک اپوزیشن کی تشویش کو دور کرنے کی کوشش نہیں کی۔ راہول گاندھی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کسان اس وقت صبرآزما حالات سے گذر رہے ہیں۔ ملک کے غریب عوام کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے قیمتوں میں کمی اور کالا دھن واپس لاتے ہوئے ہر شہری کو 15 لاکھ روپئے فراہم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا عوام کو انتظار ہے کہ کب یہ وعدے پورے ہوں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی کو جو دل چاہا وہ وعدہ کرنے کی عادت ہے، اور انہوں نے کبھی کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے ’’سوچھ بھارت‘‘ کا وعدہ کیا لیکن اس کا کہیں کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے ’’میک اِن انڈیا‘‘ کی بات کی لیکن روزگار کے معاملے میں اس کا کوئی اثر نظر نہیں آتا۔ ’’میک اِن انڈیا‘‘ کے معاملے میں چند ایک کام کے سواء کوئی قابل قدر کارنامہ انجام نہیں دیا گیا اور اسی معمولی سے کام کی ٹی وی تشہیر کرتے ہوئے عوامی دولت کو ضائع کیا جارہا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ وزیراعظم کچھ عملی کام شروع کریں اور کچھ کردکھائیں۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہا ہے۔ تاریخی گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس بل (جی ایس ٹی) کے بارے میں راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس موافق عوام جی ایس ٹی کی خواہاں ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس ملک کے عوام کے حقوق کا دفاع کرے گی اور بی جے پی کو غریب عوام کو نشانہ بنانے کا موقع نہیں دے گی۔

TOPPOPULARRECENT