Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک میں مساوی مواقع کمیشن کے قیام کا مطالبہ

ملک میں مساوی مواقع کمیشن کے قیام کا مطالبہ

اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی سماجی ترقی کو یقینی بنانے پر زور‘ بی ونود کمار
حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ایم پی بی ونود کمار نے ملک میں مساوی مواقع کمیشن کے قیام کیلئے قانون سازی کا مطالبہ کیا۔ ونود کمار نے جو کریم نگر کی نمائندگی کرتے ہیں پارلیمنٹ میں یہ مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے راجندر سچر کمیٹی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے یکساں مواقع کمیشن کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2007 میں ماہرین پر مشتمل گروپ تشکیل دیا گیا تھا جس نے 2008 میں اپنی رپورٹ پیش کی جس میں پارلیمنٹ میں قانون سازی کے ذریعہ یکساں مواقع کمیشن کے قیام کی سفارش کی۔ ونود کمار نے کہا کہ اس سفارش کو طویل عرصہ ہوچکا ہے لیکن حکومت نے آج تک کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں جلد بل پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ ونود کمار نے کہا کہ مارچ 2005 میں اسوقت کی حکومت نے جسٹس سچر کی قیادت میں مسلمانوں کی سماجی اور معاشی اور تعلیمی صورتحال کا جائزہ لینے کمیٹی تشکیل دی ۔ نومبر 2006 میں سچر کمیٹی کی سفارشات پارلیمنٹ میں پیش کی گئیں۔ سفارشات میں یکساں مواقع کمیشن کا قیام شامل ہے تاکہ محروم طبقات کو ترقی کے مواقع حاصل ہوں ۔ انہوں نے 2014 میں وزارت اقلیتی اُمور کی جانب سے رپورٹ پر عمل آوری کی تفصیلات کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ 31 اگسٹ 2007 کو کمیشن کی سفارشات کا جائزہ لینے ماہرین کا گروپ تشکیل دیا گیا جس نے 13 مارچ 2008 کو رپورٹ پیش کی۔ وزارت نے تیقن دیا تھا کہ یکساں مواقع کمیشن کے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ کو پارلیمنٹ میں پیش ہوئے 10 سال ہوگئے اور ماہرین کے گروپ نے آٹھ سال قبل اپنی سفارشات پیش کی تھیں لیکن یکساں مواقع کمیشن پر آج تک پارلیمنٹ میں بل متعارف نہیں کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT