Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک میں گھریلو فضائی سفر کو فروغ دینے کا آغاز

ملک میں گھریلو فضائی سفر کو فروغ دینے کا آغاز

مرکزی حکومت نے منصوبہ کو قطعیت دیدی، فضائی سفر کو ایک دوسرے شہروں سے جوڑا جائے گا
حیدرآباد۔16مارچ ( سیاست نیوز ) ملک میں علاقائی سطح پر فضائی سفر کو فروغ دینے کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے ۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ برس تیار کردہ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کا آغاز کرتے ہوئے گلبرگہ ‘ بیجا پور ‘ ہاسن‘ شموگہ ‘ کنور ‘ کرائیکل ‘ ڈابرا ‘ شرڈی اور  نوی ممبئی جیسے علاقوں کیلئے مختصر ہوائی سفر کا آغاز کرنے کو بڑی حد تک منظوری فراہم کردی ہے ۔  وزارت شہری ہوابازی  کی جانب سے تیارکردہ منصوبہ کے مطابق ترقی پذیر شہروں میں مختصر مسافت کیلئے فضائی سفر کے آغاز کے ذریعہ گھریلو پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنا شامل ہے جس میں گھریلو پروازوں کے ساتھ اندرون ملک مسافرین کی تعداد میں بھی اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ہندوستان میں بڑے شہروں کو فضائی سفر سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر شہروں تک بھی فضائی سفر کو یقینی بنانے کے اقدامات اس لئے ناگزیر سمجھے جانے لگے ہیں چونکہ بیشتر شہروں میں ایئرپورٹ نہ ہونے کے سبب اُن کی ترقی میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے گھریلو پروازوں کے ایئرپورٹس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے تاکہ ہندوستان کے بیشتر شہروں کو فضائی سفر سے مربوط کیا جاسکے ۔ مرکزی حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق یکم اپریل 2016ء سے ایک گھنٹے کی فضائی مسافت والے شہروں تک 2500روپئے فضائی سفر کا کرایہ رکھا جائے گا ۔ اسی طرح ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے 50کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے ۔ گھریلو اور بین الاقوامی مسافرین پر 2%فیصد لیوی عائد کی جائے گی تاکہ اخراجات کی پابجائی ہوسکے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ان مختصر پروازوں کو سرویس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جارہا ہے کہ اندرون ملک شہروں کو جوڑنے والی پروازوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔ ایئرٹریفک کنٹرول فیس پر عائد ہونے والی اکسائز ڈیوٹی سے بھی اُن پروازوں کو مستثنیٰ قرار دیا جائے گا جو شیڈولڈ پروازیں ہوں گی ۔ اسی طرح ریاستی حکومت کی جانب سے ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے مفت زمین ‘ رعایتی قیمت پر برقی ‘ آبرسانی و دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائے گی تاکہ اندرون ملک مسافرین کی تعداد میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ علاوہ ازیں اے ٹی ایف پر حصول کئے جانے والے ویاٹ کو ایک فیصد یا اُس سے کم رکھا جائے گا ۔ فی الحال جو شہر منصوبہ میں شامل ہے اُن میں ریاست تلنگانہ کا کوئی شہر موجود نہیں ہے ۔ ہندوستان میں اندرون ملک پرواز کے رجحان میں کمی کی بنیادی وجہ ہندوستان کی بڑی آبادی جو متوسط طبقہ سے تعلق رکھتی ہے تصور کی جاتی ہے ‘ اسی لئے کم قیمت میں فضائی سفر کے ذریعہ اندرون ملک پرواز کے رجحان کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT