Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک میں ہر مزدور کے رجسٹریشن کی تجویز پر مرکز کا غور

ملک میں ہر مزدور کے رجسٹریشن کی تجویز پر مرکز کا غور

بچہ مزدوری کا خاتمہ اولین ترجیح ۔ ورکشاپ سے بنڈارو دتاتریہ اورنرسمہا ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 15 ستمبر ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں ہر ملازم کے رجسٹریشن کروانے کو لازمی کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں بچہ مزدوری کے مکمل خاتمہ کو یقینی بنانے کے عہد کی پابند ہے اور اس کیلئے ایک مکمل قانون تیار کیا جا رہا ہے ۔ نیٹ ورک فار انٹرنیشنل لیگل ایکٹی وسٹ کنسلٹیشن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دتا تریہ نے اس خیال کا اظہار کیا ۔ اس اجلاس میں بچہ مزدوری کے خاتمہ کے مختلف پہلووں پر غور کیا جا رہا ہے ۔ دتاتریہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بچہ مزدوری کے خاتمہ کا جو قانون فی الحال موجود ہے اس میں کچھ خامیاں اور نقائص ہیں اور اس میں ترامیم کی ضرورت ہے تاہم جو بچے اسکول کے اوقات کے بعد اپنے خاندان کی مدد کرسکتے ہیں ایسے مسائل پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس مقصد کیلئے مباحث اور تبادلہ خیال ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ترمیمی بل میں جو گنجائشیں پیش کی جا رہی ہیں اس میں بین الاقوامی لیبر تنظیم کے قوانین کا خیال رکھا گیا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے سخت ترین سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ گذر بسر کی سہولت کا خیال رکھنا بھی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب پہلی مرتبہ بازآباد کاری مہم شروع کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل چائلڈ لیبر پراجیکٹ کا جملہ بجٹ 110 کروڑ روپئے تھا لیکن ان کی وزارت نے اس میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 280 کروڑ روپئے کردیا ہے ۔ بچہ مزدوری کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دتاتریہ نے کہا کہ بچہ مزدوروں کی ایک سے دوسری ریاست کو منتقلی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تشویش ہے کہ حیدرآباد بچہ مزدوری کا مرکز بنتا جا رہا ہے اور ان کی وزارت بل میں ترامیم کیلئے مکمل تعاون کریگی ۔ قبل ازیں ریاستی وزیر داخلہ و لیبر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ بچوں میں تعلیم کی اہمیت اور ضرورت سے عوام کو واقف کروانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نہ صرف بچہ مزدوری کے خاتمہ کیلئے پابند عہد ہے بلکہ وہ اس مقصد کیلئے تعلیم فراہم کرنے کے عہد کی پابند بھی ہے ۔ اسی لئے ریاستی حکومت نے کے جی تا پی جی تعلیم کا فیصلہ کیا ہے ۔
ادارہ ادب اسلامی کا ماہانہ طرحی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر : ( راست ) : ظفر فاروقی کی اطلاع کے بموجب ادارہ کا ماہانہ طرحی مشاعرہ اتوار 20 ستمبر رات 8 بجے چھتہ بازار میں مقرر ہے ،صدارت ممتاز شاعر سردار بلبیر سنگھ کی ہوگی ۔ مہمانان خصوصی میں اجمل محسن ( ورنگل ) ، اسلم فرشوری اور فرید الدین صادق ہوں گے ۔ شعراء سے طرحی کلام اور باذوق سامعین سے شرکت کی درخواست ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT