Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک پیٹ خانگی اسکول مستقل طور پر بند

ملک پیٹ خانگی اسکول مستقل طور پر بند

لفٹ انتہائی ناقص اور دروازہ غیر کارکرد ہونے کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 18 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) ملک پیٹ کے ایک خانگی اسکول میں تین سالہ کمسن لڑکی کی لفٹ میں پھنس کر موت واقع ہونے کے کیس میں پولیس نے تحقیقات میں مزید پیشرفت کرتے ہوئے حادثہ سے متعلق حقائق کا پتہ لگایا ۔ پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ لفٹ کا دروازہ انتہائی غیرکارکرد حالت میں تھا ۔ نرسری طالبہ زینب فاطمہ جعفری کو پہلی منزل منتقل کرنے کے دوران ساتھی طلبہ کی جانب سے دھکہ دینے پر لفٹ کا دروازہ کھل گیا اور لڑکی لفٹ اور دیوار کے درمیان پھنس گئی ۔ پولیس نے تحقیقات میں یہ معلومات حاصل کی ہے کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے لفٹ میں پھنسی ہوئی لڑکی کو بچانے کیلئے سکیورٹی عملہ موجود نہیں تھا ، نہ ہی لفٹ چلانے والے واچ مین کو رکھا گیا تھا ۔ ملک پیٹ پولیس نے آج اسکول پرنسپل شالینی ، ٹیچر سروجا اور کیمپس انچارج ستیش کو عدالتی تحویل میں دیدیا اور انھیں جیل منتقل کردیا گیا۔ اسکول انتظامیہ کی لاپرواہی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے محکمہ تعلیمات نے سری چیتنیہ ٹیکنو پریمیم کڈس اسکول کو مستقل طورپر بند کردیا ہے اور اس اسکول کے طلبہ کو قریب میں واقع اسپرنگ ڈیل شانتی نکیتن اور مارننگ اسٹار اسکول میں شریک کرایا گیا ہے ۔
ریاستی اقلیتی کمیشن کی نوٹس
حیدرآباد۔/18نومبر، ( پریس نوٹ ) ریاستی اقلیتی کمیشن نے خانگی اسکول میں چار سالہ لڑکی سیدہ زینب فاطمہ جعفری کی موت کے سانحہ پر از خود کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے۔ کمیشن نے ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر حیدرآباد، ڈی سی پی پولیس ایسٹ زون، زونل کمشنر جی ایچ ایم سی اور پرنسپل و کرسپانڈنٹ اسکول کو 28نومبر کو 11بجے دن پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT