Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / ملک کا نیوکلئیر طاقت بن جانا کافی نہیں ‘ کئی چیلنجس کا سامنا

ملک کا نیوکلئیر طاقت بن جانا کافی نہیں ‘ کئی چیلنجس کا سامنا

جمہوریت میں بعض مرتبہ نا اہلوں کا وزیر بنادیا جاتا ہے ۔ شتروگھن سنہا کا مزاحیہ ریمارک

جئے پور 8 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی اقتدار والی ریاست راجسھتان کو ایک ’ بیمار ‘ ریاست قرار دیتے ہوئے پارٹی ہی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے کہا کہ ملک کا صرف نیوکلئیر مملکت بن جانا یا پھر پولیو کا خاتمہ کردینا ہی کافی نہیں ہے کیونکہ ملک کو کئی چیلنجس درپیش ہیں۔ راجستھان میں سب سے زیادہ بہرہ پن ‘ جلدی امراض اور جذام کی شکایتیں لاحق ہوتی ہیں۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مسائل کو بہتر انداز میں سمجھا جائے اور ان سے نمٹنے کیلئے شعور بیدار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نیوکلئیر طاقت بن گیا ہے اور ملک سے پولیو کا بھی خاتمہ کردیا گیا ہے لیکن یہ کافی نہیں ہے ۔ دنیا میں سب سے زیادہ نابینا ‘ جلدی امراض کے مریض یا پھر جذام کے مریض ہندوستان میں پائے جاتے ہیں اور اور ان میں سب سے زیادہ کا تعلق بیمارو ریاستوں سے ہے جن میں راجستھان ‘ بہار اور اتر پردیش بھی شامل ہیں۔ اداکار سے سیاستداں بننے والے شتروگھن سنہا نے کہا کہ وہ سماجی خدمت کرنے کے مقصد سے سیاست میں داخل ہوئے ہیں اور وہ سیاست کو ایک پیشہ کی بجائے سماجی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسانوں‘ غریبوں اور مزدوروں و نوجوانوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کے مقصد سے سیاست میں داخل ہوا ہوں اور ان کیلئے کچھ اچھا کرنا چاہتا ہوں یا پھر اس ٹیم کا حصہ بننا چاہتا ہوں جو ان کا اچھا کریگی ۔ سابقہ این ڈی اے حکومت میں اپنے مرکزی وزیر صحت بننے کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی ڈاکٹر بن گئے تھے تاہم ان میں کمپاونڈر بننے کی بھی صلاحیت نہیں تھی لیکن وہ بعد میں ملک کے وزیر صحت بن گئے تھے ۔ سنہا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جمہوریت میں کبھی ایسا ہوتا ہے کہ جو شخص اہلیت نہیں رکھتا اسے وزیر بنادیا جاتا ہے ۔ انہوں نے تاہم کسی طرح کے سیاسی مسائل پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ شہر میں دوسرے مقصد سے آئے ہیں۔ ایف ٹی آئی آئی طلبا کی جانب سے گجیندر چوہان کو ادارہ کا صدرنشین بنائے جانے پر اعتراض کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ان کیلئے اہمیت کا مسئلہ ہے لیکن وہ اس پر دہلی ہی میں تبصرہ کرینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں اس مسئلہ پر چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے بات چیت کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT