Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / ملک کی ترقی میں رکاوٹ کیلئے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازش

ملک کی ترقی میں رکاوٹ کیلئے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازش

اقلیتوں کے وقار اور سلامتی کو یقینی بنانے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا تیقن

نئی دہلی ۔ 7 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) دادری میں ذبیحہ گاؤ کی افواہ پر ایک مسلم شخص کے قتل واقعہ پر جاریہ غم و غصہ کے دوران حکومت نے آج یہ وعدہ کیا ہے کہ اقلیتوں کی سلامتی اور وقار کا تحفظ اور انہیں تنگ نظریات کا نشانہ بنائے جانے سے روکا جائے گا اور  کہا گیا ہے کہ اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعہ نفرت کی سیاست کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ یہ تیقن مرکزی مملکتی وزیر اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی نے اس وقت دیا جب مسلم قائدین اور علماء کے ایک وفد سے ملاقات کی تاکہ اقلیتوں میں اعتماد بحال کرنے کی کوششوں کو تقویت حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کے مذہبی اور سماجی حقوق بالکلیہ محفوظ ہیں اور بعض بدبختانہ واقعات امن ، اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر نہیں کرسکتے۔ مرکزی وزیر نے وفد سے کہا کہ ہم اقلیتوں کی سلامتی، پرُ وقار زندگی اور خوشحالی کا تحفظ کریں گے اور انہیں سیکولرازم کے خود ساختہ علمبرداروں کی تنگ نظریات کا نشانہ بنائے جانے سے باز رکھیں گے ۔ اترپردیش کے ایک گاؤں بشاڑا (دادری تحصیل) میں بیف کے استعمال کی افواہ پر ایک مسلم شخص کی ہلاکت کے پس منظر میں مسٹر نقوی نے کہاکہ نفرت کی سیاست دراصل پیشہ ور اور عادی اشرار کی کارستانی ہے، جسے ہم اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعہ ناکام بناسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ ادعاء کیا کہ بی جے پی کا یہ عزم ہے کہ ملک کو ترقی کی سمت گامزن کیا جائے اور نریندر مودی حکومت بہتر حکمرانی کے عہد پر کاربند ہے ۔ ہمارا ایقان ترقی اور مثبت سیاست پر ہے اور تفرقہ اور نفاق پیدا کرنے کے خلاف ہیں جس کے باعث سماج میں انتشار اور تصادم کی حالت رونما ہوجاتی ہے ۔ اب ہمیں ان طاقتوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے جو کہ سماجی تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں ہیں ۔ سینئر بی جے پی لیڈرنے کہاکہ نریندر مودی حکومت بلا لحاظ مذہب اور ذات پات پرایک شہری کی ترقی کی خواہشمند ہے اور ملک کا اتحاد ہی ترقی کا ضامن ہے۔ اگر یہ اتحاد ٹوٹ گیا تو ترقی کی راہیں مسدود ہوجائیگی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے فرقہ وارانہ منافرت پھیلائے جارہے ہیں۔ اگر ہم غیر سماج اور قوم دشمن  عناصر کی جال میں ہی پھنس ج ئیں گے تو یہ بدی کی طاقتوں کیلئے جشن کا سامنا ہوگا جس کے خلاف چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔
ریلوے ملازمین کیلئے بونس کی منظوری
نئی دہلی ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تہواروں کے موسم کے پیش نظر حکومت نے آج 12 لاکھ ریلوے ملازمین کیلئے پیداوار سے مربوط بونس کی تجویز منظور کردی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں یہ تجویز منظور کرلی گئی ۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ریلویز نے 78 یوم کی تنخواہ پیداوار سے مربوط بونس کے طور پر دینے کی تجویز پیش کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT