Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا بیان ‘ بی جے پی ورکرس سے خطاب
لکھنو 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود اسلام آباد کا رویہ مثبت نہیں رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کہا کرتے تھے کہ پڑوسیوں کو بدلا نہیں جاسکتا بلکہ ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جائے ۔ راج ناتھ سنگھ بی جے پی ورکر س سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کے جواب میں کارگل کیا گیا ۔ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ہر ممکن کوشش کی ۔ پڑوسی ملکوں کے سربراہان مملکت کو اپنی تقریب حلف برداری میں مدعو کیا ۔ پاکستان کے لیڈر کو بھی مدعو کیا گیا ۔ ہم نے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کی تھی ۔ تاہم پاکستان ایسا نہیں چاہتا ۔ اس کے بعد کیا ہوا سب کو معلوم ہے ۔ ہمارے جوانوں پر بزدلانہ انداز میں دہشت گردوں نے حملہ کیا اور انہیں شہید کیا گیا ۔ لیکن ہم میں یقین رکھئے ۔ آپ نے دیکھا کہ ہماری حکومت کمزور نہیںہے ۔ راجستھان میں جیسلمیر اور بارمر کے اپنے حالیہ دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے اپنے جوانوں سے واضح طور پر کہا کہ پہلی گولی ہمیں نہیںچلانی چاہئے لیکن اگر پاکستان ایسا کرتا ہے تو کیا کرنا چاہئے یہ سب اخبارات میں پڑھا ہوگا ۔ ہم اپنے ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔ انہوں نے اس موقع پر مودی حکومت کی مختلف اسکیمات کا تذکرہ بھی کیا ۔

TOPPOPULARRECENT