Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک کے پہلے غریب نواز اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا آغاز

ملک کے پہلے غریب نواز اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا آغاز

جی ایس ٹی پر 3 ماہ کا کورس ، حیدرآباد کو مرکزی حکومت کی اسکیم میں شامل کرنے نمائندگی
حیدرآباد۔/8جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کو مرکزی حکومت کی MSDP اسکیم میں شامل کرنے کیلئے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے نمائندگی کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت مسلم آبادی والے علاقوں میں تعلیم، صحت، ٹریننگ ایمپلائمنٹ جیسے شعبوں میں مسلم طبقہ کی رہنمائی اور مدد کی جاتی ہے۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے 11 علاقوں میں اس اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ حیدرآباد میں مسلم قابل لحاظ آبادی اور مختلف شعبوں میں ٹریننگ کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود نے مرکز سے خواہش کی ہے کہ حیدرآباد میں بھی اسکیم پر عمل آوری کی جائے۔ مرکزی وزیر نے اس تجویز پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ہے۔ ایم ایس ڈی پی اسکیم کے تحت مرکز نے 52.71 کروڑ روپئے مختص کئے جس میں سے 20 فیصد رقم جاری کردی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بودھن، عادل آباد، کاغذ نگر، ظہیرآباد، سنگاریڈی، نیالکل، رنجل، راجندر نگر، تانڈور اور یتاپلی علاقوں میں اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج حیدرآباد میں مرکز کے تعاون سے چلنے والی مختلف اسکیمات کا آغاز کیا۔ راجندر نگر علاقہ میں اقلیتی اقامتی اسکول کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جس کے لئے مرکز نے 18 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ 7 اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے مرکز نے 126 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے جس میں 75.20کروڑ مرکز کی حصہ داری ہوگی جبکہ 50.80 کروڑ حکومت تلنگانہ کو ادا کرنے ہوں گے۔ اس اسکیم کے تحت مرکز نے 63 کروڑ جاری کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت مسلمانوں کو مختلف فنی کورسیس میں ٹریننگ کی فراہمی کیلئے غریب نواز کوشل وکاس کیندر ( اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹر ) کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں 100 سنٹرس کے قیام کی تجویز ہے اور ملک کا پہلا سنٹر وجئے نگر کالونی میں قائم کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 6 کمروں پر مشتمل اس سنٹر میں ہر سال 3 تا 5 ہزار امیدواروں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ کمپیوٹر، سولار سسٹم اور دیگر اہم شعبہ جات میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ GSTکے بارے میں تین ماہ کا سرٹیفکیٹ کورس متعارف کیا جائے گا جس کی تکمیل کے بعد امیدوار جی ایس ٹی کی ادائیگی کے سلسلہ میں تاجروں اور تجارتی اداروں کی مدد کرسکتے ہیں جس کی فیس انہیں حاصل ہوگی۔ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی طرح جی ایس ٹی ادائیگی کیلئے یہ امیدوار کام کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے تمام اخراجات مرکزی حکومت برداشت کرے گی۔ عمر جلیل کے مطابق مرکزی وزیر نے آج ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر میں نیشنل میناریٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں تمام ریاستوں کے اقلیتی فینانس کارپوریشنوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ نیشنل کارپوریشن کے ذریعہ ریاستوں کو فنڈز جاری کئے جاتے ہیں تاکہ اقلیتوں کو قرض جاری کیا جائے۔

TOPPOPULARRECENT