Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / ملک کے چار مقامات سے 31.06 کروڑ روپئے نئے نوٹس ضبط

ملک کے چار مقامات سے 31.06 کروڑ روپئے نئے نوٹس ضبط

کرناٹک میں حوالہ ڈیلر کے باتھ روم ٹائیلس کے اندر سے 5.7 کروڑ نئے نوٹ اور 32 کیلو سونا برآمد
بنگلور / چینائی ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نئی کرنسی غیر قانونی طور پر جمع کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں میں ملک بھر میں مزید چار مقامات سے نئی کرنسی کی بھاری مقدار ضبط کی گئی ہے ۔ کرناٹک میں ضلع چتردرگ میں ایک حوالہ ڈیلر کے باتھ روم میں ٹائیلس کے اندر چھپا کر رکھی گئی 5.7 کروڑ روپئے کی نئی کرنسی کو محکمہ انکم ٹیکس نے برآمد کرلیا ۔ نئی کرنسی نوٹوں کی تازہ ضبطی کیس میں 24 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ہیں ۔ محکمہ انکم ٹیکس نے چینائی میں دھاوا کرتے ہوئے 142 کروڑ روپئے کے غیر محسوب اثاثہ جات کا پتہ چلا کر انہیں ضبط کرلیا ۔ ایک اور واقعہ حیدرآباد میں پیش آیا جہاں سی بی آئی نے سینئیر سپرنٹنڈنٹ آف پوسٹ آفسس سے 2000 روپئے کے نئے نوٹوں کی کرنسی کے 65 لاکھ روپئے برآمد کیے ۔ پوسٹ آفس کے ذریعہ نوٹوں کی تبدیلی میں ہونے والی دھاندلیوں کی اطلاع پر سی بی آئی نے کارروائی کی تھی ۔ ایک اور کارروائی میں حیدرآباد کے قریب کتور علاقہ میں 2000 روپئے کی نئی کرنسی کی شکل میں 71 لاکھ روپئے کے بشمول 82 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے ۔ پولیس نے کہا کہ اس رقم کو کتور میں موٹر گاڑیوں کی تلاش کے دوران ضبط کیا گیا ۔محکمہ انکم ٹیکس نے آج کرناٹک کے دور افتادہ گاؤں چھلکیرہ میں ایک حوالہ ڈیلر کے باتھ روم ٹائیلس کے اندر سے 5.7 کروڑ روپئے مالیتی نئے نوٹ، 32 کیلو سونے کے بسکٹس اور جیویلری اور 90 لاکھ روپئے مالیتی پرانے نوٹ ضبط کرلئے۔

محکمہ نے نوٹ بندی کے بعد بلیک منی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حوالہ آپریٹر کی قیام گاہ پر دھاوا کرتے ہوئے غیرمحسوب دولت کو ضبط کرلیا ہے، تاہم ملزم کے بارے میں تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا۔ چترادرگ ضلع ہیڈکوارٹر سے 40 کیلومیٹر دور واقع چھلیکرا گاؤں میں خوردنی تیل کی کئی ایک ملز ہیں جس کے باعث یہ آئیل سٹی سے مشہور ہے، انٹلیجنس سے یہ اطلاع ملنے پر کہ حوالہ آپریٹر کے حمام خانہ میں واش بیسن کے اوپر اور ٹائیلس کے اندر اسٹیل تجوریوں میں نقد رقم اور زیورات چھپائے گئے ہیں، انکم ٹیکس عہدیداروں نے دھاوا کرکے بے نقاب کردیا۔ ضبط شدہ رقم میں 5.7 کروڑ (2,000 کے نئے نوٹ)، 28 کلو سونا (طلائی بسکٹ) 4 کلو دیگر زیورات شامل ہیں۔ محکمہ کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے کل پناجی (گوا) میں جواریوں اور جیویلرس کی مخبری کے بعد یہ دھاوے کئے جہاں پر ہبلی اور چترادرگ اضلاع کے دولت مند کیسینو (قمار بازی) کیلئے آتے ہیں۔ ٹاملناڈو میں اسی طرح کے دھاوے کے دوران 2000 نوٹوں کی نئی کرنسی کی بھاری مقدار ضبط کی گئی ہے ۔ ایک ہی واقعہ میں اب تک ضبط کردہ رقم کی تعداد 166 کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ جب کہ سی بی آئی نے بتایا کہ کے سدھیر بابو سینئیر سپرنٹنڈنٹ پوسٹ آفس نے 65 لاکھ روپئے کی نئی کرنسی اپنے قبضہ میں رکھی تھی اور پرانے نوٹوں کی تبدیلی پر اس کا کمیشن 3.75 کروڑ روپئے تھا ۔ سی بی آئی نے اب تک 2000 روپئے نئی کرنسی کی شکل میں 92.68 لاکھ روپئے ضبط کئے ہیں ۔۔
نوٹوں کی ضبطی جھلکیاں
l کرناٹک میں حوالہ ڈیلر کے باتھ روم سے 5.7 کروڑ روپئے کے نئے نوٹس برآمد
l حیدرآباد میں سینئیر سپرنٹنڈنٹ پوسٹ آفسس کے قبضہ سے 65 لاکھ روپئے کی نئی کرنسی ضبط
l ویلور میں ایک ویان سے 2000 روپئے کی نئی کرنسی کی شکل میں 24 کروڑ روپئے برآمد
l حیدرآباد کے قریب موٹر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 2000 روپئے کی نئی کرنسی کی شکل میں 71  لاکھ روپئے برآمد

Top Stories

TOPPOPULARRECENT