Wednesday , July 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی اور پونے کے درمیان آج فائنل میں رسائی کیلئے مقابلہ

ممبئی اور پونے کے درمیان آج فائنل میں رسائی کیلئے مقابلہ

ممبئی۔15 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ میں خطابی ہیٹ ٹرک کی خواہاں ممبئی انڈینس کل اپنے گھریلو میدان پر10 ویں سیزن کے فائنل میں رسائی کیلئے پہلے کوالیفائنگ میچ میں رائزنگ پونے سوپرجائنٹس سے نبردآزما ہوگی۔ آئی پی ایل ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں ممبئی کی ٹیم کامیاب ٹیموں میں سے ایک ہے جس نے دو مرتبہ سال 2013 اور2015 میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔ سال 2010 میں ممبئی یہاں رنر اپ بھی رہی تھی اور آئی پی ایل کے10 ویں سیزن میں بھی اس نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باقی ٹیموں کو خود سے آگے نکلنے نہیں دیا۔ ممبئی لیگ کے 14 میچوں میں سب سے زیادہ 10 میچ جیت کر 20 نشانات کے ساتھ سرفہرست ٹیم ہے ۔دوسری جانب لیگ میں صرف اپنا دوسرا سیزن ہی کھیل رہی پونے کی ٹیم نے کئی تجربہ کار ٹیموں کو چونکاتے ہوئے پہلی مرتبہ پلے آف میں جگہ بنائی ہے اور وہ14 میچوں میں9 فتوحات کے بعد18 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ مہاراشٹر کی ان دو گھریلو ٹیموں کے درمیان یقیناً پہلے کوالیفائنگ میں مسابقتی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جہاں ممبئی ،اسی سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی تو پونے بھی براہ راست ہی فائنل میں جگہ بنانا چاہے گی۔ آئی پی ایل میں دوسرفہرست اگرچہ دونوں ٹیموں کے لئے اس بات کا فائدہ ہے کہ جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں داخل ہوجاتی ہے تو وہیں ہارنے والی ٹیم کے پاس کوالیفائنگ کا دوسرا مقابلہ کھیلنے کا موقع رہے گا لیکن اپنی کپتانی میں ممبئی کو دو مرتبہ چیمپئن بنا چکے روہت کی کوشش رہے گی کہ وہ اپنے گھریلو وانکھیڑے میدان پر حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فتح حاصل کریں۔ یہ دلچسپ حقیقت ہے کہ ممبئی کی ٹیم نے اس مرتبہ اپنے گھریلو وانکھڑے اسٹیڈیم پر سات میچ کھیلے ہیں اور اس میں سے صرف دو ہی میں ناکامی بردشت کی ہے جس میں ایک میچ اس نے پونے سے بڑے ہی دلچسپ انداز میں تین رنوں سے گنوایا تھا جبکہ دوسرے میچ میں اسے پنجاب نے سات رنوں سے شکست دی تھی۔وہیں ممبئی اور پونے اس مرتبہ آئی پی ایل میں دو مرتبہ ایک دوسرے سے مقابلہ کر چکی ہیں جس میں پونے کی ٹیم دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم پر بھاری پڑی ہے اور اس نے ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں ہی ممبئی کو اپنے گھریلو میدان پر سات وکٹ سے شکست دی ہے ۔ اس کے بعد پونے نے ممبئی کو اسی کے میدان پر تین رنوں سے شکست دی تھی۔پونے کے خلاف گزشتہ دونوں مقابلے گنوانے کے بعد ممبئی کے پاس اس اہم مقابلے میں بدلہ چکانے کا موقع رہے گا تو وہیں کپتان اسٹیون اسمتھ کی پونے میزبان ٹیم کے خلاف کامیابی کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ فائنل میں رسائی کے ہدف کی کوشش کرے گی ۔ پونے نے باقی ٹیموں کے مقابلے میں بہت صبر و تحمل کے ساتھ پلے آف کا سفر طے کیا ہے اور ابتدائی اتار چڑھاو کے باوجود وہ دوسرے نمبر پر رہی۔ پونے نے اپنے آخري لیگ میچ میں کنگز الیون پنجاب کو نو وکٹ سے یک طرفہ انداز میں شکست دی تھی اور اس جیت نے اس حوصلے کو پلے آف سے پہلے کافی بڑھا یا ہے۔ پنجاب کی ٹیم کو پونے کے بولروں نے محض73 رنوں پر ڈھیر کر دیا تھا اور جے دیو انادکٹ، شاردل ٹھاکر، بین اسٹوکس، ڈینیل کرسٹن اور ایڈم زمپا نے اس میچ میں حیرت انگیز کا کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔آئی پی ایل میں اب تک پونے کے لئے انادکٹ اور عمران طاہر21 اور بالترتیب18 وکٹ لے کر سب سے کامیاب بولر رہے ہیں۔ اس کے بعدا سٹوکس 12 کے ساتھ ٹیم کے تیسرے سب سے زیادہ کامیاب بولر ہیں تو وہیں ٹیم کے پاس متوازن بیٹنگ شعبہ ہے جس میں دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین اور کپتان اسمتھ، تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی، اجنکیا رہانے ، راہل ترپاٹھی، منوج تیواری شامل ہیں ۔ اسمتھ 420 رنزکے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ ترپاٹھی388 دوسرے نمبر پر ہیں. دھونی بھی مسلسل اچھا کھیل رہے ہیں اور61 رن کی نصف سنچری اننگز کے ساتھ 14 میچوں میں انہوں نے240 رنز بنائے ہیں اور ممبئی کے سامنے ان کے تجربے کی کافی اہمیت رہے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT