Thursday , June 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی سے آج سخت مقابلہ ،حیدرآباد کیلئے کرو یا مرو کی صورتحال

ممبئی سے آج سخت مقابلہ ،حیدرآباد کیلئے کرو یا مرو کی صورتحال

پلے آف میں رسائی کیلئے ڈیوڈ وارنر کی ٹیم کو باقی دو میچوں میں کامیابی ضروری ، ممبئی پہلے ہی کوالیفائی
حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پے در پے شکست سے بدحال سن رائزرس حیدرآباد کا کل دوشنبہ کو یہاں اپنے ہوم گراؤنڈس پر کھیلے جانے والے ایک کلیدی آئی پی ایل ٹی۔ 20 میچ میں پوائنٹس کے ٹیبل پر سرفہرست ٹیم ممبئی انڈینس سے مقابلہ ہوگا جس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وہ اپنی لڑکھڑاتی کشتی کو پلے آف نشست کی سمت مزید چند قدم آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ سن رائزرس حیدرآباد اپنے 13 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے مقام پر ہیں چنانچہ انہیں اب کرو یا مرو جیسی صورتحال کا سامنا ہے اور پلے آف میں ایک جگہ پر مہر ثبت کرنے کیلئے باقی دو میچوں میں بہرصورت اور بہرقیمت کامیابی ضروری ہے۔ حیدرآباد کو دہلی میں اگرچہ ڈیر ڈیوس کے ہاتھوں 6 وکٹس سے شکست ہوچکی ہے، لیکن گزشتہ روز اپنے ہر میدان پر رائزنگ پونے سوپر جینٹس کے ہاتھوں 12 رن سے شکست ہوگئی۔ آئی پی ایل کے رواں سیزن میں اپنے ہی میدان جنگ پر یہ ان کی پہلی شکست تھی۔ حالانکہ کامیابی کے لئے مقرر معمولی ہدف 149 رن کے تعاقب میں کپتان ڈیوڈ وارنر (40) اور یوراج سنگھ (47) نے شاندار آغاز کیا اور بھاری اسکور بنایا لیکن ان کے بعد دیگر اہم بیٹسمین شکھر دھون (19)، کین ولیمسن (4)، موئیس ہینریکس (4) اور نمن اوجھا (9) بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام ہوگئے۔ مزید برآں دوسری طرف جئے دیو اناڈکٹ کی آخری اوور میں ہیٹ ٹرک کے بشمول پانچ قیمتی وکٹس نے سن رائزرس حیدرآباد کو 136/9 پر آؤٹ کرتے ہوئے پونے کو ایک بدترین ہار سے بچاتے ہوئے حیرت انگیز فتح سے ہمکنار کیا۔ سن رائزرس کی میڈل آرڈر بیٹنگ باعث تشویش ہے اور ممبئی کے خلاف کل اس ٹیم کو کامیابی چاہئے تو وہ انہیں اس مسئلہ سے نمٹنا ضروری ہوگا۔ ان حالات کے بوجود بولنگ، سن رائزرس کا اہم اثاثہ رہی ۔ بھونیشور کمار، رشید خان اور سدھارتھ کول کو کافی وکٹس حاصل ہوئے۔ دوسری طرف ممبئی انڈینس ہیں جو سب سے زیادہ پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کھیلوں کے لئے پہلے ہی کوالیفائی ہوچکے ہیں لیکن باقی ماندہ کھیلوں میں بدستور جیت کے ساتھ مزید اضافہ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ ممبئی انڈینس ہر اعتبار سے طاقتور ٹیم کی حیثیت سے ابھری ہے اور گزشتہ رات دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف 146 رن کے بھاری اسکور سے فتح نے اس کے سرکردہ مقام کا عملی ثبوت دے دیا ہے۔ ممبئی کے بیٹسمین لنڈل سیمسن (66) اور کیرن پولارڈ (63 ناٹ آؤٹ) نے اپنی ٹیم کو دہلی کے خلاف 212 کا بھاری اسکور بنانے میں غیرمعمولی مدد کی۔ پارتھیو پٹیل اور نتیش رانا بھی اچھے فارم میں ہیں۔ کپتان روہت شرما بھی اچھی بیٹنگ کررہے ہیں۔ پانڈیا برادران ہاردک اور کرونل بھی وقفہ وقفہ سے اپنا فارم بتارہے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں ماہر و تجربہ کار ہربھجن سنگھ اور کرن شرما کل رات فی کس 3 وکٹس لئے تھے۔ مچل مک کلین ہاگن بھی اچھے بولر ہیں۔ لست مالنگا جو کچھ عرصہ سے فارم میں نہیں تھے لیکن گزشتہ شب وہ بھی دو وکٹس لئے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT