Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / ممبئی سے لاپتہ 3 میں سے ایک گرفتار

ممبئی سے لاپتہ 3 میں سے ایک گرفتار

ممبئی ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ممبئی سے لاپتہ 3 نوجوان میں سے ایک کو جس پر جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ میں شمولیت کا شبہ تھا پونے میں پکڑلیا گیا ہے اور ابتدائی پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے ۔ انسداد دہشت گردی دستہ ( اے ٹی ایس ) نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ممبئی کے جنوبی سب اربن میں علاقہ ملوانی کے ساکنان لاپتہ 3 نوجوان واجد شیخ ( 25 سال ) ، محسن سید ( 26 سال ) اور ایاز سلطان ( 23 سال ) اچانک مکان سے غائب ہوگئے تھے ۔ جس کے باعث اسلامک اسٹیٹ میں ان کی شمولیت کا شبہ پیدا ہوگیا تھا ۔ ملوانی پولیس اسٹیشن میں والدین کی جانب سے گمشدگی کی شکایت پر انسداد دہشت گردی دستہ اور مقامی پولیس نے ان نوجوانوں کی تلاش شروع کردی تھی اور گذشتہ شب پونے کے قریب واجد کا پتہ چلالیا گیا ۔ اے ٹی ایس کے عہدیدار نے بتایا کہ واجد شیخ جنوبی ہند میں گھوم رہا تھا جس کا تعاقب کر کے پونے کے قریب پکڑ لیا گیا ۔ جسے ممبئی لاکر پوچھ تاچھ کے بعد مکان جانے کی اجازت دیدی گئی ۔ تاہم دیگر 2 نوجوانوں کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ۔ قبل ازیں پولیس نے بتایا کہ سلطان 30 اکٹوبر سے واجد اور محسن 16 دسمبر سے لاپتہ تھے ۔ جب کہ سلطان نے والدین کو یہ اطلاع دی کہ وہ پونے میں اسے ملازمت کی پیشکش کی گئی ہے اور محسن نے مکان میں کہا تھا کہ وہ ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لیے جارہا ہے ۔ جب کہ واجد نے آدھار کارڈ میں غلطیوں کی اصلاح کروانے کے لیے جارہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT