Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / ممبئی میں بال ٹھاکرے کی یادگار کا قیام

ممبئی میں بال ٹھاکرے کی یادگار کا قیام

تیسری برسی کے موقع پر چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کا اعلان
ممبئی ۔ 17 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : باہمی تعلقات میں تلخیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے آج مراہٹہ لیڈر بال ٹھاکرے کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے متحد ہوگئے ۔ اور یہ اعلان کیا کہ علاقہ شیواجی پارک میں واقع میئر بنگلہ کے مقام پر آنجہانی کا ایک عظیم یادگار قائم کی جائے گی ۔ بعد ازآں ادھو ٹھاکرے کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر فڈنویس نے کہا کہ شیوسینا ۔ بی جے پی اتحاد کے اصل محرک بالا صاحب تھے جنہوں نے نہ صرف ہماری رہنمائی کی بلکہ مہاراشٹرا کی ایک مخصوص شناخت بنائی تھی ۔ جس کے باعث ان کا آج بھی احترام کیا جاتا ہے اور مئیر بنگلہ کے مقام پر قدآور مجسمہ نصب کر کے ایک یادگار قائم کی جائے گی ۔ جس کے تمام مصارف حکومت برداشت کرے گی ۔ یادگار کے قیام کے لیے جس مقام کا انتخاب کیا گیا وہیں پر ہی بال ٹھاکرے نے شیوسینا کی داغ بیل ڈالی تھی اور پارٹی کی سرگرمیوں کو پھیلاتے ہوئے وہ ریاست کے ایک اہم لیڈر بن گئے تھے ۔ چیف منسٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ ادھو ٹھاکرے کی زیر قیادت ایک عوامی ٹرسٹ تشکیل دیا جائے گا ۔ جو کہ میموریل کے تعمیری منصوبہ کو روبہ عمل لائے گا ۔ تاہم مئیر کا بنگلہ چونکہ ایک ہیرٹیج عمارت ہے اسے منہدم نہیں کیا جائے گا بلکہ اس میں یادگار قائم کی جائے گی اور اس بنگلہ کو خوبصورت اور جاذب نظر بنایا جائے گا ۔ اس موقع پر ادھو ٹھاکرے نے میموریل کے قیام کے لیے عملی اقدامات کے لیے پہل پر چیف منسٹر فڈنویس سے اظہار تشکر کیا جب کہ اس یادگار عمارت میں بالا صاحب کے متعلق تمام اطلاعات فراہم کی جائے گی ۔ دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کی تیسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT