Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی ٹسٹ : جیننگز کی عمدہ سنچری ، انگلینڈ 288/5

ممبئی ٹسٹ : جیننگز کی عمدہ سنچری ، انگلینڈ 288/5

پہلے دن کے اختتامی مراحل میں اشوین کی 3 وکٹوں نے ہندوستان کو مکمل مایوسی سے بچایا
ممبئی ، 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیٹن جیننگز نے انگلینڈ کی طرف سے اپنے کریئر کے آغاز میں عمدہ سنچری کے ساتھ متاثر کیا لیکن آف اسپنر روی چندرن اشوین نے انڈیا کو چوتھے کرکٹ ٹسٹ کے آج یہاں افتتاحی روز آخری مراحل میں تیزی سے تین وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں واپسی دلائی۔ انگلینڈ چائے کے وقفے پر 196/2 کے ساتھ طاقتور پوزیشن میں پہنچ گیا تھا مگر ہندوستان نے مہمانوں کو اسٹمپس پر 288/5 تک گھٹا دیا، جیسا کہ اشوین نے معین علی (50) اور جیننگز (112) کو تین گیندوں میں پویلین واپس بھیج دیا اور پھر جانی بیرسٹو (14) سے بھی ٹیم انڈیا کو چھٹکارہ دلایا۔ بین اسٹوکس (25) اور جوس بٹلر (18) دن کے کھیل کے ختم پر ناٹ آؤٹ بیٹسمین رہے۔ یہ دونوں 39 رنز کی غیرمختتم رفاقت ایسی وکٹ پر نبھا چکے ہیں، جو گزرتے وقت کے ساتھ بیٹنگ کیلئے مشکل ہوتی جائے گی۔ چائے کے وقفے کے بعد اشوین نے وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ سے مدد حاصل کی اور 4/75 کے اعداد و شمار پر دن کا اختتام کیا۔ انگلینڈ کے کیپٹن السٹیر کک (46) کو لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجا (1/60) نے اوپننگ سیشن میں آؤٹ کیا۔دیگر
ہندوستانی بولرز … میڈیم پیسرز بھونیشور کمار اور اومیش یادو اور تیسرے اسپنر جینت یادو نے مجموعی طور پر 43 اوورز پھینکے مگر کوئی کامیابی حاصل نہیں کرپائے۔ دورہ کنندگان سیریز میں 0-2 سے پیچھے ہیں اور انھیں اس میچ کو بہرحال جیتنا ہوگا تاکہ پانچویں و آخری ٹسٹ تک سیریز میں اُن کیلئے موقع برقرار رہے، جو 16 ڈسمبر سے چینائی میں طے ہے۔ جوہانسبرگ کی پیدائش والے جیننگز نے پہلا ٹسٹ کھیلتے ہوئے کسی بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا اور انگلینڈ کیلئے انڈیا کے خلاف کریئر کے آغاز پر سنچری اسکور کرنے والے 19 ویں بیٹسمن بنے۔ انھوں نے پہلی وکٹ کیلئے کپتان کے ساتھ مل کر 99 رنز جوڑے، جو روٹ کے ساتھ 37 ، اور پھر معین کے ساتھ 94 رنز جوڑے۔ اسٹار بیٹسمن روٹ کو اشوین نے آؤٹ کیا جبکہ سلپ میں میزبان کیپٹن ویراٹ کوہلی نے عمدہ کیچ لیا۔ کک کو پارتھیو پٹیل نے اسٹمپ کیا۔

TOPPOPULARRECENT