Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی کو آج پوزیشن مضبوط کرنیکا موقع، پنجاب سے مقابلہ

ممبئی کو آج پوزیشن مضبوط کرنیکا موقع، پنجاب سے مقابلہ

وشاکھاپٹنم ، 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی انڈینس جو 85 رنز کی ذلت آمیز شکست برداشت کرنے کے بعد تیزی سے سنبھل گئے، وہ اپنی جیت کی راہیں جاری رکھنا چاہیں گے جب انڈین پریمیر لیگ میں پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے موجود کنگس الیون پنجاب سے کل یہاں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اے سی اے۔ وی ڈی سی اے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیں گے۔ ممبئی کو جو موجودہ طور پر 11 میچوں سے 12 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے، ایک اور جیت کے ذریعے اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کا زرین موقع نصیب ہورہا ہے۔ سن رائزرس حیدرآباد کے مقابل شکست فاش کے بعد ڈیفنڈنگ چمپینس ممبئی انڈینس نے گزشتہ شب رائل چیلنجرز بنگلور کو چھ وکٹ سے ہراتے ہوئے اپنا ردھم پالیا۔ آٹھ ٹیم کے ٹیبل میں پریشانیوں سے دوچار پنجاب ٹیم پہلے ہی پلے آف مرحلے کی دوڑ سے خارج ہوچکی ہے، جیسا کہ وہ اپنے 10 میچز میں 7 ہار گئے ہیں۔ دورہ کنندگان کو امکان نہیں کہ طاقتور ممبئی ٹیم کے خلاف کوئی آسانی فراہم ہوگی۔ روہت شرما نے اب تک ٹیم کی پیش پیش رہتے ہوئے قیادت کی اور مجموعی طور پر ممبئی کے ٹاپ اسکورر بھی ہیں۔ زیادہ تر مواقع پر انھوں نے اچھا کھیلا جب ٹیم کو ضرورت رہی۔ حیدرآباد کے مقابل محض 92 پر ڈھیر ہوجانے کے بعد ایم آئی کے بیٹسمنوں کے ساتھ ساتھ بولروں نے ایسا لگا کہ اُس ہزیمت کی یادیں آر سی بی کے خلاف مٹادیں۔ جہاں تک پنجاب کا معاملہ ہے، اُن کی کہانی یکساں رہی ہے۔ وہ ہوم گراؤنڈ پر رائل چیلنجرز بنگلور کے مقابل ایک رن کی دل شکن ناکامی کے بعد اس میچ کیلئے آرہے ہیں۔ جاریہ لیگ کے درمیان میں کپتانی سونپے جانے پر ہندوستان کے مرلی وجئے اپنی بہترین سعی کررہے ہیں کہ ٹیم کے حالات بدلیں، لیکن انھیں بقیہ ٹیم سے کچھ خاص مدد نہیں مل رہی ہے۔وجئے نے گزشتہ میچ میں 57 گیندوں میں 89 رنز بنائے جبکہ مارکوس اسٹوئنز نے بھی اختتامی مرحلے میں زبردست کھیلا، لیکن دیگر سب ناکام ہوئے اور KXIP کو پھر ایک بار شکست ہوگئی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT