Friday , June 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی کے خلاف آج پنجاب کو کرو یا مرو صورتحال کا سامنا

ممبئی کے خلاف آج پنجاب کو کرو یا مرو صورتحال کا سامنا

کپتان میکس ویل کا مقابلہ میں اہم کردار

ممبئی۔10 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی کنگز الیون پنجاب کی ٹیم اپنے اگلے مقابلے میں سرفہرست ٹیم ممبئی انڈینس کے خلاف کرو یا مرو کا مقابلہ کرنے کل یہاں میدان میں   اترے گی ۔پنجاب نے گزشتہ میچ میں موہالی میں کولکاتا نائٹ رائڈرس کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے 14 رنوں سے شکست دی تھی اور اپنی امیدیں برقرار رکھی ہیں لیکن اب بھی پنجاب کی حالت کافی نازک  ہے جو 12 میچوں میں 12 نشانات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ ممبئی پلے آف میں پہلے ہی جگہ بنا چکی ہے اور وہ سب سے زیادہ 18 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر ہے اس لئے نتائج کے لحاظ سے یہ میچ اس کے لئے اہم نہ بھی ہو لیکن وہ پنجاب کو آسان حریف تصور نہیں کرے گی  ۔پنجاب کے لئے اب لیگ میں باقی دونوں میچ جیتنا لازمی ہو گیا ہے اور ساتھ ہی اسے اپنا نیٹ رن ریٹ بھی کافی اچھا رکھنا ہوگا کیونکہ چوتھے نمبر کی ٹیم سن رائزرس حیدرآباد سے فی الحال اس کی راست مسابقت چل رہی ہے جس کا لیگ میں اب ایک ہی میچ باقی ہے ۔نشیب و فرازسے گزرنے کے بعد گلین میکسویل کی اس ٹیم نے کافی حوصلہ دکھایا ہے اورکے کے آر کے خلاف ڈیتھ اووروں میں کفایتی بولنگ  سے قریبی فتح اپنے نام کر لی۔ اگرچہ پنجاب کے کھلاڑیوں میں تسلسل کی کمی نظر آتی ہے لیکن اس کے پاس کپتان میکسویل، شان مارش، ردھیمان ساہا، مارٹن گپٹل جیسے بہترین بیٹسمینس موجود ہیں جبکہ سندیپ شرما، موہت شرما اور پٹیل اس کے بہترین بولروں میں شامل ہیں۔کے کے آر کے خلاف اسپنر راہل تیوتیا نے اس کے ٹاپ اسکورر کپتان گوتم گمبھیر اور رابن اتھپا کو آٹھ اور صفر کے اسکور پر آؤٹ کرکے پنجاب کو بڑی راحت دلائی تھی اور امید ہے کہ ممبئی کے زبردست بیٹنگ آرڈر کے خلاف بھی  اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔پنجاب کو گجرات لائنز سے ملی غیر متوقع شکست کی وجہ سے اس کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے اور یقیناً اس کے کھلاڑی ممبئی کے خلاف اپنی باقی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے پوری کوشش کریں گے ۔ آل راؤنڈ ر کپتان میکسویل نے بیٹ سے اچھا کھیل دکھایا ہے اور ممبئی کے خلاف گزشتہ میچ میں بھی اہم اننگز کھیلی تھی لیکن ان کے مظاہروں میں بھی تسلسل کی  کمی ہے ۔ پنجاب کے لئے ممبئی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بورڈ پر اچھا اسکور بنانا بھی چیلنج رہے گا۔روہت شرما کی کپتانی میں دو مرتبہ چیمپئن کا خطاب جیت چکی ممبئی سرفہرست ہے اور فی الحال کوئی دوسری ٹیم اسے اس مقام سے ہٹانے کے موقف  میں نہیں نظر آتی ہے ۔ ممبئی اپنا پچھلا میچ سن رائزرس حیدرآباد سے سات وکٹ سے ہار گئی ہے ۔ ٹیم کے اوپنر پارتھیو پٹیل نے کہا کہ پلے آف سے پہلے اس ناکامی  نے ٹیم کو واپس جارحانہ تیور دکھانے کے لئے بیدار کردیا ہے ۔ممبئی کا ویسے بھی گھریلو میدان پر اچھا ریکارڈ رہا ہے اور وہ بھی اپنے حوصلے بلند کرنے کے لئے کھیلے گی۔ چیمپئنز ٹرافی ٹیم میں شامل کئے گئے روہت گزشتہ میچ میں67  رنز بنا کر بہترین اسکورر رہے تھے لیکن ٹیم میں پٹیل، نتیش رانا، ہارڈک، کیرون پولارڈ جیسے اچھے بیٹسمینوں اور ہربھجن سنگھ، لاستھ ملنگا، جسپریت بمراھ، کرونال اور ہارڈک جیسے بہترین بولروں موجود ہیں اور اس کے لئے فتح کی راہ پر لوٹنا مشکل نہیں ہو گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT