Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / ممبئی ۔ گوا ہائی وے پر پل منہدم، دو بسیں بہہ گئیں

ممبئی ۔ گوا ہائی وے پر پل منہدم، دو بسیں بہہ گئیں

آسام میں سیلاب سے 8 لاکھ افراد متاثر ، ناسک میں سیلاب کا خطرہ کم
مہاڈ۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع رائے گڑھ کے مہاڈ ٹاؤن میں ممبئی ۔ گوا شاہراہ پر برطانوی دور کے ایک قدیم پل کے اچانک منہدم ہوجانے کے بعد خطرہ کے نشان سے اوپر بہنے والی دریائے ساوتری میں دو بسیں بہہ گئیں جس کے نتیجہ میں 20 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ نعشوں کی تلاش کیلئے مہم شروع کردی گئی ہیں تاحال دو نعشیں دستیاب ہوسکی ہیں۔ راحت رسانی کی ٹیموں نے غوطہ خوری کے ذریعہ دریا سے دو افراد کی نعشوں کو نکال لیا ہے۔ رائے گڑھ کے کلکٹر شیتل اوگالے نے کہا کہ ممبئی سے 170 کیلو میٹر دور یہ واقعہ پیش آیا۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی دو بسیں جن میں 18 مسافر اور 4 ارکان عملہ (دو ڈرائیور اور دو کنڈکٹرس) سوار تھے۔ کل رات پیش آئے اس المیہ کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ مہاراشٹرا کے دیویندر فڈنویس نے ایک ٹوئیٹر پیام پر اس کی توثیق کی۔ فڈنویس نے وزیر تعمیرات عامہ چندرکانت پاٹل اور اپوزیشن لیڈر رادھا کرشنا لکھے پاٹل کے ساتھ فضائی معائنہ کیا۔ گوہاٹی سے موصولہ اطلاع کے بموجب آسام کی سیلابی صورتحال میں آج تھوڑی سی بہتری پیدا ہوئی حالانکہ 14 اضلاع کے 8 لاکھ افراد مشکلات کا شکار ہیں۔ آسام ریاستی آفات سماوی انتظامیہ اتھاریٹی کے بموجب 7.69 لاکھ سے زیادہ افراد 14 اضلاع کے 638 دیہاتوں میں متاثر ہیں۔

کل تک 10 لاکھ افراد کے جن کا تعلق 19 اضلاع کے 804 دیہاتوں سے ہے، متاثر ہونے کی اطلاع تھی۔ اموات کی تعداد آج 34 ہوگئی۔ 20 ہزار ہیکٹر سے زیادہ اراضی پر کھڑی فصلیں اب بھی زیرآب ہیں۔ کئی سڑکیں، دریاؤں کے پشتے، پل اور دیگر انفراسٹرکچر بہہ گئے ہیں۔ دریائے برہمپترا، جورہاٹ اور دھبری قصبوں میں خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ حکومت نے 664 کروڑ روپئے سیلاب سے متاثرہ افراد کی راحت رسانی کیلئے منظور کئے ہیں جن میں سے 47.53 کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ دریائے برہمپترا اور بارک کی معاون ندیوں کا پانی اپنے کناروں کو توڑ کر ریاست گیر سطح پر 4474 کیلو میٹر فاصلہ پر پھیل گیا ہے۔ ناسک سے موصولہ اطلاع کے بموجب سیلاب زدہ دریائے گوداوری میں سطح آب کم ہوگئی ہے جو ضلع ناسک میں گذشتہ 3 دن سے مسلسل بارش کے نتیجہ میں سیلاب زدہ ہوگئی تھی۔ گوداوری کے علاوہ کئی ندیوں میں جو سیلاب زدہ ہوگئی تھی، سطح آب میں کمی واقع ہونے لگی ہے۔ ناسک کے کمشنر بلدیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT