Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / ممتاز کسان لیڈر شرد جوشی کا انتقال

ممتاز کسان لیڈر شرد جوشی کا انتقال

پن کوڈ کی تخلیق اور عالمی تنظیم میں خدمات کا اعزاز
پونے، 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کسان تحریک کے ممتاز لیڈر شرد جوشی کا آج یہاں انتقال ہوگیا جنھوں نے ملک بھر میں کاشتکاروں کیلئے منافع بخش قیمتیں فراہم کرنے کیلئے متعدد تحریکیں چلائی تھیں۔ خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ 81 سالہ شرد جوشی امراض پیرانہ سالی کا شکار تھے۔ انھوں نے آج صبح اپنی قیامگاہ پر آخری سانس لی۔ وہ 2004-10 ء میں راجیہ سبھا کے رکن تھے اور تقریباً 16 پارلیمانی کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں اور 1958-68 ء میں انڈین پوسٹل سرویس سے وابستہ رہے۔ انھیں ’’پن کوڈ نمبر‘‘ کا بانی تصور کیا جاتا ہے جوکہ پوسٹل سسٹم میں ایک نئی تبدیلی پیدا کردی تھی۔ بعدازاں وہ سوئٹزرلینڈ میں انٹرنیشنل بیورو آف یونیورسٹل پوسٹل یونین میں خدمات کیلئے چلے گئے اور 1977 ء میں ہندوستان واپس آکر کسانوں کے حقوق پر تحریکات شروع کردیں اور 1979 ء میں ایک کسان تنظیم شیتکاری سنگھٹن کا قیام عمل میں لایا جس نے مہاراشٹرا میں غیر منظم کسانوں کیلئے تحریک چلائی تھی۔ شرد جوشی کو اس وقت شہرت ملی جب ضلع ناسک میں پیاز کے کاشتکاروں کیلئے منافع بخش قیمتیں فراہم کرنے کے مطالبہ پر احتجاجی تحریک شروع کی جس کے دوران تشدد کے واقعات پیش آنے پر انھیں گرفتار کیا گیا۔ بعدازاں شمالی ہند کے کسان لیڈر مہندر سنگھ ٹکیٹ کے ساتھ ہاتھ ملایا اور ملک بھر میں کسانوں کے حقوق کیلئے سرگرم عمل ہوگئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT