Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / ممتا بنرجی حکومت پر قوم دشمن عناصر کی سرپرستی کا الزام

ممتا بنرجی حکومت پر قوم دشمن عناصر کی سرپرستی کا الزام

مالدہ تشدد پر صدرجمہوریہ سے بی جے پی کی نمائندگی، ریاستی گورنر سے رپورٹ کی طلبی کا مطالبہ
نئی دہلی، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے مالدہ میں حالیہ تشدد پر ممتا بنرجی حکومت کے خلاف برہمی میں شدت پیدا کرتے ہوئے بی جے پی نے آج یہ مسئلہ صدرجمہوریہ کی دہلیز تک پہنچایا  اور یہ درخواست کی کہ اس مسئلہ پر ریاستی گورنر سے آزادانہ رپورٹ طلب کریں۔ بی جے پی نے الزام عائد کیاکہ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی حکومت مالدہ تشدد میں ملوث عناصر کی حفاظت کرتے ہوئے ووٹ بینک سیاست پر عمل پیرا ہے اور جس کے باعث قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگھیا کی زیرقیادت ایک وفد نے صدرجمہوریہ سے ملاقات کرکے ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں یہ الزام عائد کیا ہے کہ مالدہ تشدد پر ریاستی حکومت عملاً کوئی کارروائی نہیں کی

اور یہ ادعا کیاکہ ایک مخصوص فرقہ کی دلجوئی اور ووٹ بینک کی حفاظت کے لئے ریاستی حکومت کی پالیسی سے قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ انھوں نے مغربی بنگال میں بیربھوم کے تشدد کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ علاوہ ازیں بی جے پی وفد نے صدرجمہوریہ کو ایک اور میمورنڈم پیش کرتے ہوئے ٹکر مار کر فرار ہونے کے کیس میں ماخوذ ٹی ایم سی لیڈر کے خلاف ریاستی حکومت کی بے عملی کی نشاندہی کی۔ اس واقعہ میں ایک ایر فورس جوان کولکاتا میں یوم جمہوریہ کی ریہرسل کے دوران ہلاک ہوگیا تھا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے ورگھیا نے کہاکہ مالدہ کا واقعہ ملک کی داخلی سلامتی سے مربوط ہے اور ووٹ بینک کی سیاست سے قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے کیونکہ تشدد میں ملوث ہجوم نے پاکستان موافق نعرے بلند کئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے صدرجمہوریہ سے گزارش کی ہے کہ ریاستی گورنر سے رپورٹ طلب کریں۔

مرکزی حکومت نے بھی ریاست سے رپورٹ طلب کی ہے جوکہ حقائق معلوم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ یہ جان کر دُکھ ہوا کہ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے یہ شکایت کی ہے کہ عوام کو بی ایس ایف سے مسئلہ ہے۔ انھوں نے سوال کیاکہ پرتشدد واقعات کیونکر پیش آرہے ہیں اور پولیس اسٹیشن کو نذر آتش کیوں کردیا گیا۔ دراصل جن عناصر نے تشدد برپا کیا ،وہ جعلی کرنسی، افیون کی کاشت اور غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور اپنے مجرمانہ سرگرمیوں کی پردہ پوشی کیلئے پولیس اسٹیشن کو جلادیا لیکن حکومت محض ٹی ایم سی سے وابستگی کے باعث غنڈہ عناصر کی سرپرستی کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT