Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / ممتا بنرجی کی بطور چیف منسٹر مغربی بنگال دوسری میعاد شروع

ممتا بنرجی کی بطور چیف منسٹر مغربی بنگال دوسری میعاد شروع

تقریب حلف برداری کا کانگریس۔ لیفٹ اتحاد نے بائیکاٹ کیا، مرکزی وزراء و دیگر کی شرکت

کولکاتا،27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ممتابنرجی نے آج دوسری میعاد کے لئے چیف منسٹر مغربی بنگال کی حیثیت سے حلف لیا اور ان کی کابینہ میں 42 ارکان شامل کئے گئے جبکہ کانگریس ۔ لیفٹ اتحاد اور بی جے پی نے تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کردیا۔ تاہم مرکزی وزراء ارون جیٹلی، اشوک گجپتی راجو اور بابل سپریو کے علاوہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار، چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو اور چیف منسٹر دہلی ارویند کیجروال نے تقریب میں شرکت کی۔ ریاستی گورنر کیسری ترپاٹھی نے 61 سالہ ممتا بنرجی کو بنگالی زبان میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلوایا۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کی شاندار کامیابی کا سہرا ممتابنرجی کے سر جاتا ہے۔ جنہوں نے کانگریس ۔ لیفٹ اتحاد اور بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے 294 کے منجملہ 221 نشستوں پر قبضہ کرلیا۔ مہمان سیاستدانوں میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو ، نیشنل کانفرنس لیڈر فاروق عبداللہ اور ڈی ایم کے کارکن موزی بھی جلوہ افروز تھے۔ تاہم مابعد انتخابات ترنمول کانگریس کے تشدد کے خلاف کاگنریس اور بائیں بازو جماعتوں کے قائدین نے تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کردیا۔ اگرچیکہ بی جے پی نے بھی حکمران جماعت پر غنڈہ گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے تقریب سے اپنے آپ کو دور رکھا، لیکن ارون جیٹلی نے کہا کہ مرکزی وزراء نے جمہوری اقدار کی پاسداری میں شرکت کی ہے۔ ترنمول کانگریس کی 42 رکنی مجلس وزرات میں 29 کابینی وزراء جبکہ چیف منسٹر کی مملکتی وزراء (آزادانہ چارج) اور 8 منسٹرس آف اسٹیٹ ہیں۔ ممتاز کابینی وزراء میں امیت مشرا، سبرانا مکرجی، پرتھاچٹرجی، شوبھن دیب چٹوپادھیائے، فرہاد حکیم اور سوان چٹرجی جو کہ کولکاتا کے میئر بھی ہیں شامل ہیں۔ خاتون وزراء میں ششی پانجرا، آسیما پاترا اور سندھا رانی توڈو ہیں۔ نئی کابینہ میں 18 نئے چہرے ہیں ۔ حلف برداری کے فوری بعد ممتا بنرجی ریاستی سکریٹریٹ روانہ ہوگئیں جہاں پر پولیس نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ممتا بنرجی کے سکریٹرٹ میں داخلے کے وقت پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اپنے آپ کو عام آدمی تصور کرتی ہیں اور میں نے اپنی زندگی کو عوام کے لئے وقف کردیا ہے۔
ممتا کو مودی اور راہول کی مبارکبادی
نئی دہلی۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر کی حیثیت سے ممتا بنرجی کی دوسری میعاد کیلئے حلف برداری پر وزیراعظم نریندر مودی نے مبارکباد دیتے ہوئے ان کی ریاست کے ساتھ قریبی ربط و ضبط اور تال میل سے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے ٹوئٹر پر ممتا کو مبارکباد دی۔ اس دوران نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی ٹوئٹر پر ممتا بنرجی کو مبارکباد دی اور دوسری میعاد کیلئے چیف منسٹر اور ان کی کابینہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT