Monday , September 25 2017
Home / جرائم و حادثات / مندر میں ڈیوٹی کے دوران کانسٹبل برقی شاک لگنے سے فوت

مندر میں ڈیوٹی کے دوران کانسٹبل برقی شاک لگنے سے فوت

حیدرآباد۔ 7 ۔ مارچ (سیاست نیوز) شیوراتری کے موقع پر کشن باغ کی ایک مندر میں ڈیوٹی انجام دینے والا پولیس کانسٹبل برقی تار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ بہادر پورہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ 25 سالہ سرینواس نائک کو شیو راتری کے موقع پر کاشی بگا مندر میں متعین کیا گیا تھا اور پوجا کیلئے آنے والے بھکتوں کی قطاروں کو باقاعدہ رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی ۔ سرینواس نائک آج دوپہر 1.10 کو مندر میں کثیر تعداد میں بھکتوں کی آمد کے پیش نظر وہ پوجا کے بعد روانہ ہونے والے بھکتوں کو مندر کے احاطہ میں کھلے ہوئے برقی تاروں سے آگاہ کر رہا تھا۔ ڈیوٹی انجام دینے کے دوران پولیس کانسٹبل اچانک کھلے تاروں پر گر پڑا اور وہ برقی شاک کی زد میں آگیا اور کچھ ہی دیر میں پانی کے سمپ میں گر گیا۔ اس واقعہ کے بعد سرینواس نائک کے ساتھی کانسٹبلس نے مین فیوز کا سوئچ آف کردیا۔ اس حادثہ میں شدید طور پر جھلس جانے والے کانسٹبل سرینواس نائک کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ سرینواس نائک نے سال 2014 ء میں حیدرآباد سٹی پولیس میں پولیس کانسٹبل کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی تھی اور اسے 5572 سرویس نمبر الاٹ کیا گیا تھا ۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد اسے بہادر پورہ پولیس اسٹیشن پر تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ گزشتہ دو سالوں سے ڈیوٹی انجام دے رہا تھا ۔ حادثہ میں پولیس کانسٹبل کی موت واقع ہوجانے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون پی ستیہ نارائنا ، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے دواخانہ عثمانیہ پہنچ کر کانسٹبل کے افراد خاندان کو پرسہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT