Thursday , August 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / منز ل پانے کیلئے حوصلہ و ہمت ضروری، ملازمت کیلئے تجربہ کوبنیادی اہمیت

منز ل پانے کیلئے حوصلہ و ہمت ضروری، ملازمت کیلئے تجربہ کوبنیادی اہمیت

تعلیم پر تمام توجہ مرکوز کرنے نوجوانوں کو مشورہ، محبوب نگر میں کیریئر کونسلنگ پروگرام سے جناب محمد معراج فہیم احمد اور دیگر کا خطاب

محبوب نگر۔/18اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم نوجوان ، طلباء و طالبات کو سب سے پہلے احساس کمتری کے خول سے باہر آنا ہوگا۔ تعلیم کے حصول پر تمام توجہ مرکوز کرتے ہوئے دنیا کو یہ بتانا ہوگا کہ ہم ہی نے دنیا کو تہذیب، علم اور فن دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد معراج فہیم احمد منیجنگ ڈائرکٹر منی مسینجر ( منی ٹرانسفر سافٹ ویر ) نے آج دوپہر بامسدوس سوشیل سرویس سنٹر محبوب نگر میں ’’ حصول تعلیم و کیریر کونسلنگ پروگرام ‘‘ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حوصلہ اور ہمت ہارنے والے کبھی منزل حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے واٹس ایپ کے موجد برین ایکشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے بے شمار انٹرویوز دیئے لیکن حصول ملازمت میں ناکام رہا لیکن حوصلہ اور ہمت نہ ہارتے ہوئے واٹس ایپ ایجاد کیا جو آج ساری دنیا کے ہر فرد کیلئے کارآمد ہے۔ انہوں نے طلباء اور نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی چیز کو حاصل کرنے اور سیکھنے کیلئے درکار وقت صرف کریں اور اپنی ساری توجہ سے بذات خود باریک بینی سے جائزہ لیں اور ذاتی کھوج سے کمپیوٹر ٹکنالوجی کی بنیاد سے واقف ہوں۔ انہوں نے ایم بی اے کامیاب طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اسپیشل اِسکلس اختیار کرتے ہوئے ترقی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے انٹرنیٹ سے مواد حاصل کرنے کا طلبہ کو مشورہ دیا۔ دیڑھ گھنٹہ طویل اپنے توسیعی لکچر کے باوجود جناب معراج فہیم نے حاضر طلباء و طالبات اور نوجوانوں کے سوالات کا تشفی بخش جواب دیا۔ طلباء نے ان سے کمپیوٹر کورسیس کے علاوہ ویب سائٹ، میڈیکل ٹرانسکرپشن، انٹرنیٹ مارکٹنگ، سافٹ ویر کی تیاری، آن لائن منی ٹرانسفر سے متعلق سوالات کئے جس کا انہوں نے آج کے جدید ترین ضروریات کیلئے مطلوب کورسیس کا تعارف پیش کیا۔ یہ پروگرام روز نامہ سیاست اور محبوب نگر مسلم ڈیموکریٹک آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس کی صدارت جناب سلیم نواب نے کی۔ معراج فہیم نے مشورہ دیا کہ ایک کورس سے دوسرے کورس کے درمیان جو وقفہ ہوتا ہے اس کو غنیمت سمجھ کر تجربات کریں کیونکہ آپ جہاں کہیں ملازمت کیلئے جائیں گے تو آپ کے تجربہ کو بنیادی اہمیت ہوگی۔ انہوں نے کمپیوٹر سے متعلق اور ملازمتوں سے متعلق کافی اہم معلومات سے طلباء کو واقف کرایا۔ سلیم نواب نے بتایا کہ کیریئر کونسلنگ اور حصول تعلیم پر ایسے پروگرامس جاری رہیں گے، طلباء و طالبات اپنے ساتھیوں کے ہمراہ استفادہ کریں۔ تقی حسین تقی سکریٹری نشر و اشاعت نے مہمانوں کا تعارف کروایا اور سنٹر کے اغراض و مقاصد کا ذکر کیا۔ غلام غوث ریٹائر لکچرر نے بتایا کہ بہت جلد اسپوکن انگلش کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ ان کے علاوہ محمد احتشام ( جینہاک) سبھاش گوڑ، خواجہ فیاض الدین ( انور پاشاہ ) محمد احمد این آر آئی نے بھی مخاطب کیا۔ ایم اے مجیب اسٹاف رپورٹر سیاست نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ غلام غوث کی قرأت کلام سے پروگرام کا آغازہوا۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT