Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / منشیات کیس : دو فلمی شخصیتوں کے خلاف کارروائی کا امکان

منشیات کیس : دو فلمی شخصیتوں کے خلاف کارروائی کا امکان

اب تک 27 افراد سے پوچھ تاچھ، ضروری ثبوت دستیاب
حیدرآباد۔/9اگسٹ، ( سیاست نیوز) منشیات کے سنسنی خیز معاملے میں 12کے منجملہ 2فلمی شخصیتوں کے خلاف کارروائی کرنے کا امکان ہے۔ ایک فلمی شخصیت کے خلاف عدالت سے رجوع ہوکر خون وغیرہ کے نمونے حاصل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ 60 گھنٹوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ منشیات کے معاملے میں محکمہ اکسائیز کے انفورسمنٹ کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایس آئی ٹی کی جانب سے جن 12فلمی شخصیتوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ان میں 2 شخصیتوں کے خلاف اہم معلومات فراہم ہوئی ہیں۔ انسداد منشیات قانون ( این ڈی پی سی ) کے تحت ان پر مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کیلئے ضروری ثبوت دستیاب ہونے کا پتہ چلا ہے۔ منشیات سربراہ کرتے ہوئے گرفتار ہونے والے کیلوین سے اس کیس کے معاملے میں کئی اہم معلومات کا علم ہوا ہے۔ اسکولی طلبہ سے ٹالی ووڈ کی شخصیتوں تک منشیات سر براہ ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد اس کی تہہ تک پہنچ کر تحقیقات کرنے کیلئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی نے 12 فلمی شخصیتوں کے ساتھ جملہ 27 افراد سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ کیلوین کے ذریعہ منشیات حاصل کرنے کا محکمہ آبکاری کے عہدیداروں کو تحقیقات میں پتہ چلا ہے۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے کی گئی پوچھ تاچھ کی مکمل فلم بندی کی گئی ہے۔ منشیات کے استعمال اور سربراہ کرنے کا معاملہ اور ان کے رول کی تحقیقات کی گئی۔ 60 گھنٹوں پر مشتمل ویڈیوز کا محکمہ آبکاری کے عہدیدار گہرائی سے جائزہ لے، اس کے لئے بھی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پوچھ تاچھ کیلئے ایس آئی ٹی سے رجوع ہونے والوں نے اپنی خود کے بجائے دوسروں کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم کی ہے۔ ایک فلمی شخصیت نے منشیات لینے والے 53 افراد کے نام بتانے کا بھی ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مزید چند فلمی شخصیتوں کے بارے میں بھی اطلاعات فراہم کی ہے۔ تمام فلمی شخصیتوں نے پوچھ تاچھ کے دوران کئی نام بتائے مگر مجموعی طور پر 2 ایسے نام ہیں جن کا بیشتر فلمی شخصیتوں نے نام لیا ہے جن کے خلاف ایس آئی ٹی عہدیدار شکنجہ کسنے کی تیاری کررہے ہیں۔ منشیات استعمال کرنا اور سربراہ کرنا دونوں جرم ہے۔ منشیات استعمال کرنے کی تصدیق ہوجانے پر انہیں گرفتار کرنے کیلئے تمام قانونی پہلوؤں سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 12 کے منجملہ 2 فلمی شخصیتوں کے خلاف منشیات کے معاملے میں پختہ ثبوت ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ضرورت پڑنے پر مقدمات درج کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ پوچھ تاچھ کیلئے آنے والوں میں چند شخصیتوں سے خون کا نمونہ، سرکے بال اور پیر کے ناخن حاصل کئے گئے ہیں۔ چند شخصیتوں کی جانب سے خون کے نمونے دینے کا پیشکش کرنے پر بھی عہدیداروں نے لینے سے انکار کردیا۔ جن شخصیتوں سے نمونے حاصل کئے گئے اس کی جانچ کیلئے اسے فارنسک ڈپارٹمنٹ کو روانہ کردیا گیا ہے۔ خون وغیرہ کے نمونے دینے سے انکار کرنے والوں میں سے ایک کے خلاف عدالت سے رجوع ہوکر عدلیہ کی اجازت سے نمونے حاصل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ جن شخصیتوں سے نمونے حاصل کئے گئے ہیں اس کی چند دن میں رپورٹ ملنے کا امکان ہے جس کے بعد ہی ایس آئی ٹی کی جانب سے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT