Sunday , September 24 2017
Home / جرائم و حادثات / منشیات کیس ‘ لیڈی ڈان سنگیتا کی گرفتاری سے کئی انکشافات

منشیات کیس ‘ لیڈی ڈان سنگیتا کی گرفتاری سے کئی انکشافات

لڑکیوں کو قحبہ گری کے دلدل میں جھونکنے کی بھی اطلاعات ۔ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان
حیدرآباد 4 اگست (سیاست نیوز) منشیات کے سنسنی خیز کیس میں لیڈی ڈان سنگیتا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو منشیات سربراہ کرنے کے ساتھ قحبہ گری کا کاروبار بھی کرتی تھی۔ انکار پر لڑکیوں کو عریاں تصاویر دکھا کر بلیک میل کیا کرتی تھی۔ پولیس تحقیقات میں سنگیتا نے کئی اہم انکشافات کئے ہیں جس میں دولتمند گھرانوں اور سیاستدانوں کے بچوں کو منشیات کے جال میں پھنسانے کا علم ہوا ہے۔ گذرتے وقت کے ساتھ منشیات کا معاملہ نیا موڑ اختیار کرتا جارہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والی پی سنگیتا کی شادی کے صرف 6 ماہ بعد اس کے شوہر کا انتقال ہوگیا جس کے وہ بعد وجئے واڑہ کے ایک کال سنٹر میں کام کرنے لگی ۔ سنگیتا کی فیس بک پر ایک سوڈانی لڑکی سے دوستی ہوگئی اس کی مدد سے جان نامی شخص سے سنگیتا کی دوستی ہوگئی جو محبت میں تبدیل ہوگئی ۔ سنگیتا وجئے واڑہ سے حیدرآباد منتقل ہوگئی۔ سنگیتا نے اپنی سوڈانی سہیلی کے توسط سے نائجیرین باشندوں سے تعلقات بڑھا کر زیادہ کمائی کی لالچ میں دوستوں کو منشیات ٹولی میں تبدیل کردیا اور اپنے عاشق جان کے ساتھ مضافاتی علاقوں کے انجینئرنگ کالجس کے طلبا کو منشیات فروخت کرنا شروع کیا ۔ اس کے علاوہ بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز اور مادھاپور میں قیام پذیر دولتمند افراد اور سیاستدانوں اور فلمی شخصیتوں اور انکے بچوں کو منشیات کا غلام بنادیا ۔ پولیس نے سنگیتا اور اس کی ٹولی کے 6 ارکان کو تین دن قبل تحویل میں لیا ۔ پوچھ تاچھ کے دوران ٹولی نے کئی حیرت ناک معلومات کا انکشاف کیا ہے۔ سنگیتا نے بتایا کہ وہ جاریہ سال جنوری سے سوڈانی اور نائجیرین باشندوں کی ٹولی میں شامل ہوکر منشیات فروخت و تقسیم کررہی ہیں۔ راجندر نگر پولیس حدود میں واقع بنڈلہ گوڑہ سن سٹی میں ایک فلیٹ کرایہ پرحاصل کرکے اوجوکو کاسموس کے ساتھ مقیم تھی ۔ کاسموس اپنے دوست گابیرل کی مدد سے کوکین، برون شوگر، افیون کی گولیاں حاصل کرکے حیدرآباد میں سربراہ کررہا تھا ۔ گذشتہ ماہ 23 جولائی کو پولیس نے ایل بی نگر بس اسٹانڈ پر سنگیتا اور جان کو تحویل میں لیتے ہوئے ان کے قبضے سے 3 گرام کوکین اور 200 گرام گانجہ برآمد کرلیا۔ سنگیتا کی جانب سے دی گئی اطلاعات پر پولیس نے سن سٹی میں مقیم کاسموس کو گرفتار کیا اور اس کے قبضہ سے ڈرگس حاصل کئے ۔ کاسموس کی اطلاعات پر میڑچل کے یاپرال میں واقع بیرو اپارٹمنٹ سے سیرل اور اس کے ٹولی کے مزید تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ سنگیتا کا کاروبار صرف منشیات تک محدود نہیں تھا وہ منشیات کی عادی کئی لڑکیوں اور خواتین کو ڈرا دھمکا کر سیکس ریاکٹ میں اتار چکی ہے اور ان کی عریاں تصاویر حاصل کرکے بلیک میل کرتی تھی۔ سنگیتا کی گرفتاری سے مزید کئی نئے انکشافات ہوئے ہیں۔ پولیس ہر زاویئے سے اپنی تحقیقات کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔

TOPPOPULARRECENT