Wednesday , July 26 2017
Home / سیاسیات / منوہر پاریکر کا بحیثیت وزیر دفاع ذمہ داری سے فرار: کانگریس

منوہر پاریکر کا بحیثیت وزیر دفاع ذمہ داری سے فرار: کانگریس

نئی دہلی ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس نے چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر پر بحیثیت وزیر دفاع اپنی ذمہ داریوں اور ڈیوٹی سے فرار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔ خود انہوں نے یہ ریمارک کیا تھا کہ کلیدی موضوعات جیسے کشمیر اسمبلی اہم وجوہات ہیں جن کی بنا انہوں نے مستعفی ہو کر ساحلی ریاست واپس ہونے کو ترجیح دی ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹ کیا کہ اب سچائی بے نقاب ہوچکی ہے  ۔ وزیر دفاع کی حیثیت سے ذمہ داریوں سے فرار نے منوہر پاریکر کو گوا میں ایک منحرف حکومت کے سربراہ تک محدود رہنے کے لیے مجبور کیا ۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ دیانتداری سے اعتراف کیجئے ۔ کشمیر کا دباؤ تھا یا پھر گوا  میں تجارتی معاملتیں ہیں جس کی وجہ سے پاریکر کو عوامی خط اعتماد پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے واپس ہونا پڑا ؟ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو زیادہ نشستیں ملنے کے باوجود بی جے پی نے حکومت تشکیل دی ہے ۔ اسی دوران چیف منسٹر گوا کے دفتر نے وضاحت کی کہ گوا واپسی کے بارے میں منوہر پاریکر کے ریمارکس کا کلیدی موضوعات جیسے کشمیر پر دباؤ سے کوئی تعلق نہیں ۔ منوہر پاریکر نے کل ایک پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بعض اہم موضوعات جیسے کشمیر پر دباؤ وہ اہم وجوہات ہیں جس کی وجہ انہوں نے وزیر دفاع کی حیثیت سے مستعفی ہو کر گوا واپسی کا راستہ اختیار کیا ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT