Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / منوہر کی جانب سے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا خیرمقدم

منوہر کی جانب سے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا خیرمقدم

دبئی۔13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کے چیئرمین اور بی سی سی آئی کے سابق صدر ششانک منوہر نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل میچز کی بحالی پاکستان کیلئے یادگار موقع ہے جبکہ سابق کپتان محمد اظہرالدین نے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹرز کیلئے جذبے سے بھرپور کرکٹ کھیلنا ضروری ہو گیا ہے۔ ورلڈ الیون کیخلاف سیریز کے آغاز پر ششانک منوہر نے کہا کہ یہ دن پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیائے کرکٹ کیلئے بھی یادگار ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ الیون کی میزبانی کر رہا ہے جس کی بدولت پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو اپنے ملک میں کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کا موقع ملے گا اور یہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کا دن ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون اور آئی سی سی عہدیداروں کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرنے کے بعد وہ معیاری کرکٹ کیلئے پرامید ہیں جس سے پرجوش شائقین کرکٹ بھی لطف اندوز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے رواں ہفتہ نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ دوسری جانب اظہر الدین نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو شاندار اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کیلئے یہ ایک زبردست بات ہے کہ پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ پھر شروع ہو گئی اور اب پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنی عوام کے سامنے جذبے سے بھرپور بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT