Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / منڈی میر عالم کی حالت ناگفتہ ، تاجرین میں ناراضگی

منڈی میر عالم کی حالت ناگفتہ ، تاجرین میں ناراضگی

تعفن سے کئی مسائل کا سامنا ، حکومت کو فوری توجہ دینے کی ضرورت
حیدرآباد۔9فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی تاریخی منڈی میر عالم کی حالت انتہائی نا گفتہ بہ ہوتی جا رہی ہے لیکن اس قدیم منڈی میر عالم کی بہتری کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے جانے کے سبب منڈی کے تاجرین میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود مارکٹس میں منڈی میر عالم کو تاریخی اہمیت حاصل ہے لیکن یہ قدیم منڈی حکومت کی توجہ کی طلبگار ہے۔ اس منڈی میں بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی اور معمول کے مطابق روزانہ صفائی نہ کئے جانے کے باعث بدبو و تعفن پیدا ہورہا ہے اور متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود اس منڈی کے مسائل کو حل کرنے کے اقدامات سے گریز سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اس منڈی میر عالم کی منتقلی کے منصوبہ کو قطعیت دینے کیلئے یہاں بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے گریز کر رہی ہے۔ سال 2000 میں اس وقت تلگودیشم حکومت نے منڈی میر عالم کو منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن اس منصوبہ کو مقامی تاجرین کی مخالفت کے بعد ترک کردیا گیا تھا لیکن تلگو دیشم دور حکومت میں رعیتو بازاروں کے آغاز نے اس منڈی کے کاروبار کو کچھ حد تک متاثر کیا لیکن اس کے باوجود بھی منڈی میر عالم پہنچنے والے شہریوں کی منفرد شناخت ہے تاجرین کا کہنا ہے کہ منڈی میر عالم پہنچنے والے گاہک صرف ترکاری کیلئے منڈی نہیں آتے ہیں بلکہ انہیں اس منڈی میں ترکاری کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ کرانہ وغیرہ دستیاب ہو جاتے ہیں اسی لئے منڈی میر عالم پہنچنے والے گاہکوں کیلئے یہ مقام فائدہ بخش ہے لیکن منڈی میں تاجرین کے ساتھ ساتھ گاہکوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی جیسے پارکنگ‘ بیت الخلاء ‘ اے ٹی ایم مراکز کے علاوہ صفائی کو بہتر بنائے جانے کی صورت میں منڈی کی تاریخی اہمیت کی برقراری کے ساتھ ساتھ اس منڈی میر عالم کے تاجرین و پرانے شہر کے گاہکوں کو بھی سہولت میسر آئے گی۔ تاجرین نے بتایا کہ منڈی میں سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ نمائندگیاں کی جا چکی ہیں اور اس وسیع و عریض تجارتی علاقہ میں بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی کے سبب لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ان مسائل سے نمٹنے کے لئے اقدامات نہ کئے جانے کے سبب علاقہ کے تاجرین میں مایوسی پیدا ہونے لگی ہے ۔حکومت کی جانب سے مارکٹ کمیٹیوں کے ذریعہ جو ترقیاتی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے اس میں منڈی میر عالم کو بھی شامل کئے جانے کی صورت میں اس منڈی میں تجارت کرنے والے تاجرین اور گاہکوں کو سہولت ملے گی۔

TOPPOPULARRECENT