Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / منگل ہاٹ کے پلاسٹک گودام میں مہیب آگ ، 7 منزلہ عمارت منہدم

منگل ہاٹ کے پلاسٹک گودام میں مہیب آگ ، 7 منزلہ عمارت منہدم

کروڑہا روپئے کی اشیاء جل کر خاکستر ، کوئی جانی نقصان نہیں ، شارٹ سرکٹ کے سبب حادثہ کا شبہ ،آگ پر قابو پانے آتش فرو عملہ کی کوشش جاری
ایس ایم بلال
حیدرآباد ۔ 17 اپریل ۔ منگل ہاٹ کے علاقہ سیتارام باغ میں آج ایک زبردست مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں سات منزلہ پلاسٹک کے گودام جل کر خاکستر ہوگیا اور عمارت منہدم ہوگئی ۔ اس واقعہ میں کروڑہا روپئے مالیتی اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں، تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ اس واقعہ کے پیش نظر جی ایچ ایم سی حکام نے عمارت کے اطراف و اکناف مکانات کا فوری تخلیہ کرا دیا ۔ تفصیلات کے بموجب بیگم بازار میں واقع راج پلاسٹکس کے مالک امر اگروال نے ایک سال قبل سات منزلہ عمارت سیتارام باغ میں علاقہ میں تعمیر کروائی اور اس مکمل عمارت کو پلاسٹک کے ایک گودام میں تبدیل کر دیا ۔ آج صبح 9:45 کو اس گودام سے دھواں نکلتا ہوا دیکھ کر مقامی عوام نے منگل ہاٹ پولیس کو آگاہ کیا اور دو گھنٹوں کی تاخیر کے بعد فائر عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا ۔ پلاسٹک ہونے کے سبب آگ مکمل عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا ۔ اور سیتارام باغ علاقہ میں دھویں کے بادل چھا گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سات منزلہ غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی اور متاثرہ عمارت میں لگی ہوئی آگ پر قابو پانے کے لئے فائر انجن عملہ کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ چونکہ فائر انجن داخل ہونے کی مناسب راستہ موجود نہیں تھا ۔ فائر انجن عملہ نے گودام کے شٹر  کو توڑ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن اس میں ناکام ہونے کے بعد گودام سے متصل پانچ منزلہ انڈین پبلک اسکول کی عمارت کی دیوار کو توڑ کر پلاسٹک گودام میں داخل ہونے کے بعد آگ پر قابو پانے کا آپریشن کا آغاز کیا ۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر مسٹر ایم سرینواس ریڈی نے بتایا کہ بھاری مقدار میں پلاسٹک اشیاء موجود ہونے کے سبب آگ پر قابو پانا بے حد مشکل ثابت ہوا اور مسلسل بارہ گھنٹوں کی آگ کے نتیجہ میں عمارت منہدم ہوگئی ۔اس آپریشن میں دس سے زائد فائر انجن کا استعمال کیا گیا اور حیدرآباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بارہ گھنٹوں سے زائد مسلسل آگ پر قابوکے لئے جدوجہد کی گئی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر بی جناردھن ریڈی اور کلکٹر حیدرآباد مسٹر راہل بوجا نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا ۔  ذرائع نے بتایا کہ غیر مجاز طور پر تعمیر کئے گئے گودام کے خلاف مقامی عوام نے منگل ہاٹ پولیس اور جی اچی ایم سی عہدیداروں کو شکایت کی تھی لیکن اس سلسلہ میں کارروائی کرنے سے قاصر ہے ۔ گودام میں مسلسل آگ برقرار رہنے کے سبب سیتارام باغ میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی عوام خوف کا شکار ہوگئے ۔ منگل ہاٹ پولیس انسپکٹر مسٹر آر سرینواس نے بتایا کہ پلاسٹک گودام مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اس کی واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شاٹ سرکٹ کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ہوگا۔ اسی دوران میئر حیدرآباد بی رام موہن نے مقام حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے واقعہ سے متعلق جانکاری حاصل کی۔

TOPPOPULARRECENT