Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / منیٰ حادثہ پر ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا اظہار افسوس ، فی کس 5 لاکھ ایکس گریشیا

منیٰ حادثہ پر ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا اظہار افسوس ، فی کس 5 لاکھ ایکس گریشیا

حیدرآباد24ستمبر ( پریس نوٹ ) منیٰ میں جمرات کے مقام کے قریب آج پیش آئے بھگدڑ کے حادثہ پر ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ا س حادثہ میں 2 حیدرآبادی خواتین کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر انہیں بہت دُکھ ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے بار بار فون پر بات کرتے ہوئے ریاست کے حجاج کرام کی خیریت دریافت کی اور ہدایت دی کہ وہ حج مشن کے علاوہ اپنے ذرائع سے تمام حجاج کرام کی خیریت کو یقینی بنائیں اور  ان کے رشتہ داروں کی فکر و تشویش کو دور کرنے کے لئے ان کو وقتاً فوقتاً مناسب اور ضروری اطلاعات فراہم کرنے کا انتظام کریں۔  انہوں نے  ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا۔

منٰی سانحہ : چیف منسٹر کا اظہارِ تعزیت
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے منیٰ میں پیش آئے بھگدڑ کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اس سانحہ میں بڑی تعداد میں حجاج کرام کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر افسوس ظاہر کیا۔ چیف منسٹر نے اپنے سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ حج کمیٹی اور انڈین کونسلیٹ سے ربط قائم کرتے ہوئے حیدرآباد سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کی خیریت معلوم کریں۔ کسی بھی حاجی کے زخمی پائے جانے کی صورت میں اسے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ چیف منسٹر نے ایام حج کے دوران پیش آئے اس دوسرے سانحہ پر دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے پسماندگان سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔

 

TOPPOPULARRECENT