Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / منیٰ کا حادثہ افسوسناک سانحہ ، عازمین کو صبر کی ٹریننگ ضروری

منیٰ کا حادثہ افسوسناک سانحہ ، عازمین کو صبر کی ٹریننگ ضروری

قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام تہنیتی تقریب ، عابد رسول خاں اور پروفیسر ایس اے شکور کی تقاریر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : جناب عابد رسول خاں صدر نشین اسٹیٹ اقلیتی کمیشن آندھرا پردیش نے کہا ہے کہ عازمین حج کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے وہ ہے صبر ۔ اس لیے صبر کا مظاہرہ کرنا بھی دینی فریضہ ہے ۔ کل سہ پہر دفتر حج کمیٹی میں حج کمیٹی کے عہدیداروں و ملازمین میں توصیفی اسناد اور میمنٹوز کی پیشکشی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی ۔ اس تقریب کا اہتمام قومی سالمیت کمیٹی نے کیا تھا ۔ جناب عابد رسول خاں نے کہا کہ منیٰ میں بھگدڑ کا حادثہ بھی حاجیوں کے ہجوم کے نتیجہ میں پیش آیا ۔ یہ حادثہ منیٰ میں ان کے کیمپ کے سامنے والے حصہ میں ہی پیش آیا اور تقریبا ایک کلومیٹر کے فاصلہ تک نعشیں پھیلی ہوئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اندازہ کے مطابق بے شمار لوگ جاں بحق ہوئے اور صرف حج کمیٹیوں کے توسط سے سرکاری طور پرجانے والے حاجیوں کی نعشوں کی ہی شناخت ہوپائی ۔ دیگر حاجی جو سعودی عرب سے اور دیگر پڑوسی ممالک سے آئے تھے جن کے پاس شناختی کڑے وغیرہ موجود نہیں تھے ۔ ان کی شناخت نہیں ہوپائی ان کی تدفین کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سعودی عرب ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کررہا ہے لیکن اس کا بیشتر حصہ انفراسٹرکچر پر ہی خرچ ہوتا ہے ، افرادی قوت پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے ۔ پولیس ملازمین عموما کم عمر ہوتے ہیں ۔ سائن بورڈز صرف عربی میں ہوا کرتے تھے اب انگلش کا اضافہ کیا گیا ہے ۔اناونسمنٹ بھی صرف عربی زبان میں ہوتا ہے ، حکومت کو چاہئے کہ وہ دنیا میں بولی جانے والی دس پندرہ بڑی زبانوں میں سائین بورڈز اور اناونسمنٹ کا انتظام کرے ۔ جناب عابد رسول خاں نے پروفیسر ایس اے شکور اور حج کمیٹی کے ملازمین کی ستائش کی جو مختلف قسم کے پریشر کے باوجود صبر و تحمل کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہیں اور عازمین کی بدکلامی اور غصہ و برہمی کو خندہ پیشانی کے ساتھ برداشت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مکہ معظمہ میں کرین حادثہ اور منیٰ میں بھگدڑ حادثہ کے بعد سارے ملک میں سب سے پہلے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ہی کنٹرول روم قائم کیا تھا جس پر بے شمار افراد نے ریاست کے علاوہ ملک اور بیرون ملک سے فون کر کے معلومات حاصل کیں ۔ صدر قومی سالمیت کمیٹی جناب ایس کے افضل الدین نے اپنی تعارفی تقریر میں کہا کہ پروفیسر ایس اے شکور گزشتہ تین سال سے حج کمیٹی کا بہترین انتظام کررہے ہیں ۔ حج کمیٹی کا اسٹاف بھی بہت ہی دلچسپی اور خوشی کے ساتھ خدمات انجام دیتا ہے جس کے وہ خود کئی برس سے مشاہدہ کررہے ہیں ۔ اس تقریب میں مسرز عرفان شریف ، کے مہیش ، عابد ، شوکت علی خان ، آصف حسین ، مسعود علی ، یوسف الدین وغیرہ موجود تھے ۔ آخر میں الحاج محمد اعجاز الزماں صدر مکہ مدینہ عازمین حج و عمرہ ویلفیر اسوسی ایشن نے شکریہ ادا کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT