Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / منیٰ کرین حادثہ میں زخمی حیدرآبادی حاجی کی وطن واپسی

منیٰ کرین حادثہ میں زخمی حیدرآبادی حاجی کی وطن واپسی

تکمیل حج اور بحفاظت واپسی پر اللہ تعالیٰ سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/16اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں پیش آئے کرین سانحہ میں زخمی حیدرآباد کے ایک حاجی آج وطن واپس ہوئے۔ بھوانی نگر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شیخ مجیب اپنی اہلیہ اور والدہ کے ساتھ آج صبح کے قافلہ میں شامل تھے۔ ایر انڈیا کی خصوصی فلائیٹ کے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پہنچنے کے بعد اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے زخمی حاجی کا استقبال کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ حدود حرم میں کرین سانحہ کے موقع پر شیخ مجیب عینی شاہد ہیں، انہوں نے بتایا کہ تیز ہواؤں کے دوران کرین جیسے ہی گررہا تھا وہ اس کی زد میں آنے سے بچنے کیلئے دوڑ پڑے اس کے باوجود ملبہ کا ایک حصہ ان پر گرپڑا اور پیٹ کے حصہ پر شدید زخم آئے۔ انہیں سیکوریٹی اور طبی عملے نے ہاسپٹل منتقل کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سانحہ کے موقع پر دردناک منظر تھا اور طبی عملے کو نعشوں کی منتقلی اور زخمیوں کو ہاسپٹل لے جانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخ مجیب کا مکہ مکرمہ کے ہاسپٹل میں آپریشن کیا گیا اور وہ اب تیزی سے روبہ صحت ہیں۔ شیخ مجیب پرانے شہر کے چارمینار علاقہ میں کاروبار کرتے ہیں۔ انہوں نے سانحہ کے باوجود حج کی تکمیل کی اور بحفاظت وطن واپسی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حادثہ میں بچ جانے پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ اس سانحہ میں حج کمیٹی کے صرف ایک حاجی زخمی ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی حکام نے زخمیوں کی فہرست میں انہیں شامل کرتے ہوئے امداد کی منظوری کی کارروائی مکمل کرلی ہے۔ شیخ مجیب آپریشن کی تکلیف کے باوجود وہیل چیر کے بغیر مدینہ منورہ میں عبادات میں مصروف رہے۔

TOPPOPULARRECENT