Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / موبائیل ایپ کے ذریعہ حج 2017ء کے فارم پُر کرنیکی سہولت

موبائیل ایپ کے ذریعہ حج 2017ء کے فارم پُر کرنیکی سہولت

نمونہ فارم اور پاسپورٹ مدت پر رعایتیں، مرکزی حج کمیٹی کا فیصلہ
حیدرآباد۔24 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج۔2017ء کے لئے عازمین حج کو موبائیل ایپ کے ذریعہ درخواست فارم پر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سنٹرل حج کمیٹی نے درخواست فارم کے نمونے اور پاسپورٹ کی مدت کے سلسلہ میں بعض رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے ملک کی تمام حج کمیٹیوں کے نمائندوں کے لئے ممبئی میں ٹریننگ کیمپ منعقد کیا تھا جس میں حج۔2017ء کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج موبائیل ایپ سے درخواست کی خانہ پری کرسکتے ہیں اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کرپائیں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی 27 ڈسمبر کو موبائیل ایپ کی تفصیلات جاری کرے گی۔ سابق میں حج فارم دو تا تین صفحات پر مشتمل تھا تاہم اس مرتبہ یہ صرف ایک صفحہ پر مشتمل رہے گا۔ درخواست کے ساتھ پاسپورٹ کے ادخال کے لئے پاسپورٹ کی مدت 28 فروری 2018ء تک ہونی چاہئے۔ سابق میں یہ تاریخ مارچ 2018 مقرر کی گئی تھی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے عازمین حج کے کور نمبر فوری طور پر الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں کور نمبر کے لئے عازمین کو 3 تا 4 دن انتظار کرنا پڑتا تھا۔ عازمین حج کو ایک اور اہم سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کے تحت وہ اپنی درخواست میں ترمیم کرسکیں گے۔ اس کے لئے ایک مہلت مقرر کی جائے گی۔ سابق میں درخواست میں ترمیم کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 2 جنوری سے حج درخواست فارمس کی اجرائی کا آغاز ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حج ہائوز میں 11 بجے دن درخواست فارمس جاری کریں گے۔ 24 جنوری  درخواست کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگی۔ درخواست فارم کے لئے 300 روپئے چالان ادا کرنا ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج 2010ء کے 7659 حجاج کرام کو یوزر ڈیولپمنٹ فیر کے تحت 50 فیصد رقم کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے 7659 حجاج کرام کو یوزر چارجس کے 50 فیصد کے تحت 37 لاکھ 29 ہزار 933 روپئے واپس کئے جارہے ہیں۔ آندھراپردیش کے 2316 حجاج کے لئے 11 لاکھ 27 ہزار 892 روپئے واپس کئے گئے۔ حیدرآباد کے 587  حجاج میں 2 لاکھ 85 ہزار 869 روپئے واپس کئے جائیں گے۔ کرناٹک کے 787 حجاج کو 3 لاکھ 83 ہزار 269 روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ یوزر چارجس کے تحت 974 روپئے حاصل کئے گئے تھے، اس وقت کی حکومت نے 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا تھا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حجاج کرام کو یہ رقم بذریعہ چیک روانہ کی جارہی ہے۔ فی حاجی 487 روپئے کا چیک روانہ کیا جارہا ہے۔ اگر 2010ء کے حجاج کرام کے ایڈرس تبدیل ہوچکے ہیں تو وہ حج کمیٹی سے رجوع ہوکر اپنا نیا ایڈرس درج کرائیں ۔

TOPPOPULARRECENT