Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / موجودہ ماحول میں ہند۔پاک کرکٹ پر سوالیہ نشان

موجودہ ماحول میں ہند۔پاک کرکٹ پر سوالیہ نشان

’’داؤد ابراہیم کراچی میں ہے اور آپ کو ہم سے کرکٹ کھیلنے کی امید کیونکر؟‘‘
ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر کا ٹوئٹر پیام
نئی دہلی ، 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کشمیر کے حریت قائدین کے ساتھ ملاقات اور روپوش داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کا الزام عائد کر کے پاکستان سے کرکٹ سیریز پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان 23 اگست کی ملاقات منسوخ ہوچکی ہے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر نے کشمیری حریت قائدین کو سرتاج عزیز سے ملاقات کیلئے مدعو کیا تھا جسے ہندوستان نے جواز بناتے ہوئے کہا کہ سرتاج عزیز مذاکرات سے قبل کشمیری قائدین سے ملاقات نہ کریں۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہندوستانی میڈیا نے انکشاف کیا کہ روپوش سرغنہ ابراہیم پاکستان کے شہر کراچی میں موجود ہے اور ثبوت کے طور پر ان کی بیوی کے نام سے کلفٹن میں واقع گھر کے ٹیلیفون کے بل کی تصویر بھی دکھائی۔ داؤد ابراہیم پر 1993ء کے ممبئی میں پیش آئے بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے جس میں 257 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے اس بات کو جواز بناتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان سے کرکٹ سیریز پر سوالہ نشان لگا دیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’داؤد ابراہیم کراچی میں ہے، قومی سلامتی کے مشیر یہاں (ہندوستان میں) علیحدگی پسندوں سے ملنا چاہتے ہیں۔ کیا آپ واقعی امن کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور آپ ہم سے امید کرتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے؟‘‘ پاکستان اور بی سی سی آئی کے درمیان ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بی سی سی آئی سے دسمبر میں دوطرفہ سیریز کھیلنے کی درخواست کی تھی۔ پروگرام کے تحت ہندوستان کو پاکستان سے دو ٹسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے جہاں پاکستان ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہندوستان کی میزبانی کرتا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 ء میں انڈیا میں کھیلی گئی سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں ہوئی ہے۔ ہندوستان کو اس کے بعد سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن 2008ء میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ کرکٹ روابط بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT